نئی دہلی:25 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)ایئر انڈیا نے تنقید کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی اور گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی کی تصاویر والے بورڈنگ پاس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایئر لائنز نے پہلے کہا تھا کہ تصاویر والے بورڈنگ پاس تیسری پارٹی کے اشتہارات کے طور پر جاری کئے گئے تھےلیکن اس سے اگر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو انہیں واپس لیا جائے گا۔
پنجاب کے سابق ڈی جی پی ششی کانت نے پیر کو نئی دہلی ہوائی اڈے پر اپنے بورڈنگ پاس کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے سوال پوچھا تھا کہ دونوں رہنماؤں کی تصاویر اس پر کس طرح ہو سکتی ہیں۔انہوں نے ٹویٹ کیاکہ آج 25 مارچ 2019 کو نئی دہلی ہوائی اڈے پر میرے ایئر انڈیا کے بورڈنگ پاس پر نریندر مودی،’وائبرنٹ گجرات‘ اور وجے روپانی کی تصاویر ہیں،بورڈنگ پاس کی تصویر ذیل میں منسلک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیرانی ہو رہی ہے کہ ہم اس الیکشن کمیشن پر پیسہ کیوں برباد کر رہے ہیں جو نہ کچھ دیکھتا ہے، نہ سنتا ہے اور نہ ہی بولتا ہے۔
ایئر انڈیا کے ترجمان دھننجے کمار نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ بورڈنگ پاس وہی ہے جو جنوری میں ہوئے وائبرنٹ گجرات کانفرنس کے دوران چھپے تھے اور تصاویر تیسری پارٹی کے اشتہارات کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کا ایئر انڈیا سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔انہوں نے کہا تھاکہ اگرچہ ہم تحقیقات کر رہے ہیں کہ کیا تیسری پارٹی کے اشتہارات مثالی ضابطہ اخلاق کے دائرے میں آتے ہیں،اگر آتے ہیں تو انہیں ہٹا دیا جائے گا،یہ بورڈنگ پاس نہ صرف گجرات بلکہ پورے ہندوستان کے لئے ہیں۔
واضح رہے کہ 20 مارچ کو ریلوے نے وزیر اعظم کی تصاویر والی ڈاک واپس لی تھیں۔ترنمول کانگریس نے ان کے بارے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔ریلوے نے بھی یہی کہا تھا کہ یہ تیسری پارٹی کے اشتہارات ہیں اور ایک سال پہلے چھپے ٹکٹوں کے پیکٹ سے بچے ہوئے ہیں۔