لکھنؤ:24 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے ’ا سٹار پرچارک‘ کی فہرست میں ایس پی بانی ملائم سنگھ یادو کا نام نہ ہونے سے سوالات میں گھری سماجوادی پارٹی (ایس پی) نے اتوار کی شام کو جاری نظر ثانی فہرست میں ان کا نام شامل کر لیا۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ جنرل سکریٹری رام گوپال یادو کی طرف سے ہفتہ کو جاری کیا گیا 40 ’اسٹار پرچارک ‘کی پہلی فہرست میں ملائم کا نام نہیں تھا۔ ملائم کے بھائی اور ترقی پسند سوشلسٹ پارٹی (پرسپا) کے صدر شیو پال سنگھ یادو نے اس پر سوال اٹھاتے ہوئے اتوار کو فیروز آباد میں کہا کہ ایس پی میں ملائم کو نظر اندازکیا جارہا ہے۔ دریں اثنا شام کو ایس پی نے پہلے مرحلے کی نظر ثانی فہرست اور دوسرے مرحلے کے انتخابات کے لیے بھی ’اسٹار پرچارک ‘ کی فہرست جاری کی۔ دونوں میں ہی ملائم کا نام سب سے اوپر رکھا گیا ہے ۔ ایس پی اس بار بی ایس پی سے اتحاد کرکے الیکشن لڑ رہی ہے اور ملائم نے اس کی کھلی مخالفت کی تھی۔ اعظم گڑھ سیٹ سے موجودہ ایم پی ملائم کو ایس پی نے اس بار مین پوری سے امیدوار بنایا ہے۔ ملائم سنگھ اس سے پہلے سال 1996، 2004 اور 2009 میں مین پوری سے ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ پہلے اور دوسرے مرحلے کے انتخابات کے لیے اعلان 40۔40’اسٹار پرچارک ‘کی فہرست میں زیادہ تر نام حسب معمول ہیں۔ ان میں اہم لوگوں میں پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو، پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو، سابق وزیر اعظم خان، ایم پی جیہ بچن اور قنوج سے ممبر پارلیمنٹ اور اکھلیش کی بیوی ڈمپل یادو سر فہرست ہیں ۔