نئی دہلی ، 19/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)پارلیمنٹ میں دھکم پیل والے تنازعہ کے بعد کانگریس نے آج پریس کانفرنس کی اور حقائق میڈیا کے سامنے پیش کیے۔ پریس کانفرنس میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، جئے رام رمیش اور کے سی وینوگوپال جیسے اہم پارٹی لیڈران موجود تھے۔
آئین پر بحث کے دوران راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تقریر پر حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’حکومت، خاص طور سے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ جو بھی بیان ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے بارے میں دے رہے ہیں، وہ بہت افسوسناک ہے اور انھوں نے (امت شاہ) کل سچائی کو جانے بغیر ہی پریس کانفرنس کو خطاب کر دیا۔ جواہر لال نہرو اور ڈاکٹر امبیڈکر کو گالی دینے سے پہلے انھیں حقیقت کا پتہ کرنا چاہیے تھا۔‘‘
کھرگے نے پریس کانفرنس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’امبیڈکر پر بیان بازی بہت افسوسناک ہے۔ بی جے پی نے نہرو-امبیڈکر کے تعلق سے صرف جھوٹ بولا ہے اور ان کی بے عزتی کی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ اپنی غلطی کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر داخلہ کو استعفیٰ دینا چاہیے اور ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘
پارلیمنٹ احاطہ میں ہوئی دھکا مُکی معاملہ پر کھڑگے نے کہا کہ ’’ہم پارلیمنٹ میں ہر روز احتجاجی مظاہرہ کرتے تھے، کبھی تشدد نہیں ہوا۔ آج بھی ہم لوگ پرامن مظاہرہ کر رہے تھے۔ ہمیں ’مکر دوار‘ پر روکا گیا۔ اس دوران ہمارے اوپر حملہ کیا گیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نے مجھے دھکا دیا۔ ہماری خاتون اراکین پارلیمنٹ کو بھی دھکا دیا گیا۔ وہ لوگ ہمارا مذاق اڑا رہے تھے۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی یہ عزم ظاہر کیا کہ ہم اس معاملے میں اب ملک گیر مظاہرہ کریں گے۔
اس پریس کانفرنس سے راہل گاندھی نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بابا صاحب امبیڈکر کی بے عزتی کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اس معاملے میں ملک سے معافی مانگیں اور مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے پارلیمنٹ میں اڈانی کے معاملے پر بحث کو روکنے کی کوشش کی۔ بی جے پی شروع سے ہی اس معاملے سے لوگوں کی توجہ بھٹکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اب وزیر داخلہ کا امبیڈکر کو لے کر دیا گیا بیان اسی کوشش کا نتیجہ ہے۔
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی سوچ امبیڈکر مخالف ہے۔ آج پھر بی جے پی نے اصل ایشو سے لوگوں کی توجہ بھٹکانے کی کوشش کی۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے میڈیا کے سامنے آج پارلیمنٹ احاطہ میں ہوئی دھکا مُکی پر بھی اپنی بات رکھی۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہم آج پارلیمنٹ میں جا رہے تھے تو پارلیمنٹ کی سیڑھیوں پر بی جے پی اراکین پارلیمنٹ ڈنڈے لے کر کھڑے تھے۔ وہ ہمیں اندر نہیں جانے دے رہے تھے۔‘‘