لکھنؤ:05 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) راشٹریہ لوک دل کے لیڈر جینت چودھری نے منگل کو اتر پردیش میں ایس پی۔بی ایس پی اتحاد میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔لکھنؤ میں ایس پی صدر اکھلیش یادو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ ہمارے کارکنان اترپردیش میں اتحاد کی تمام سیٹوں پر جیت کو یقینی بنانے کے لئے سخت محنت کریں گے۔اس دوران اکھلیش یادو نے پھر سے دہرایا کہ کانگریس مہاگٹھ بندھن کا حصہ ہے۔میڈیا کی طرف سے کانگریس کے مہاگٹھ بندھن میں شامل ہونے کے سوال پر اکھلیش نے کہا کہ آپ بار بار یہ سوال کیوں پوچھتے ہیں؟ کانگریس مہاگٹھ بندھن کا حصہ ہے،وہ مہاگٹھ بندھن سے ریاست کی دو سیٹوں پر لوک سبھا انتخابات بھی لڑے گی۔
پریس کانفرنس میں آر ایل ڈی لیڈر جینت چودھری نے کہا کہ ان کی پارٹی اپنے سمبل پرریاست کی تین سیٹوں پر انتخاب لڑے گی۔اس کے ساتھ ہی ان کی پارٹی کے کارکن تمام 80 سیٹوں پر مہاگٹھ بندھن کو جتانے کے لئے سخت محنت کریں گے۔
اس موقع پر پلوامہ حملے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہاکہ ہم فوج کا مکمل احترام کرتے ہیں لیکن پلوامہ واقعہ کی پوری کی پوری سچائی سامنے آنی چاہئے،شہیدوں کے خاندان کو یہی سب سے بڑا اعزاز ہوگا۔ انہوں نے یوپی حکومت کے سب سے بڑا بجٹ پیش کرنے کے دعوے کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے بجٹ کا کیا فائدہ اگر شہید کے خاندان کو ایک کروڑ کی بھی مدد نہیں کر پا رہے ہیں۔انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید کے خاندان کو ایک کروڑ کی مدد ملے اور شہیدوں کو شہید کا درجہ ملے۔اکھلیش نے اس دوران کہاکہ فوج سے میرا گہرا تعلق ہے، میں ملٹری اسکول سے پڑھا ہوں،میرے ہم جماعت اور رشتہ دار فوج میں ہیں اورکئی جگہوں پر تعینات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم فوج کا احترام کرتے ہیں،فوج کا احترام کون نہیں کرتا لیکن ہم پلوامہ حملے کی حقیقت جاننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ فوج کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔