نئی دہلی، 17/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کو الزام لگایا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کو ایک ساتھ کرانے والا بل آئینی اصولوں اور وفاقی ڈھانچے کے خلاف ہے۔ پارلیمنٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا، ’’یہ بل آئین کے خلاف ہے اور ہمارے ملک کے وفاقی نظام کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ کانگریس اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ حکومت نے ملک میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخاب ایک ساتھ کرانے کی سہولت والا بل لوک سبھا میں پیش کیا۔ اس بل کو اپوزیشن پارٹیوں کی شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس بل کو لوک سبھا میں پیش کیے جانے کی مخالفت کانگریس، ترنمول کانگریس، سماجوادی پارٹی، شیوسینا یو بی ٹی سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران نے کی۔ اس کے باوجود بل لوک سبھا میں پیش کیا گیا اور جب ووٹنگ ہوئی تو اس کی حمایت میں 269 ووٹ پڑے، جبکہ اس کے خلاف 198 لوک سبھا اراکین نے ووٹ دیے۔