آستانہ،4مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان کے دارالحکومت آستانا میں شامی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایک بار پھر بات چیت شروع ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں حکومت کے حامی اور اپوزیشن کے نمائندہ وفود نے آپس میں بات چیت اور صلاح مشورے کئے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مذاکراتی وفود میں ہونے والی بات چیت میں شام کے تنازع کے حل کے لیے مختلف نقطہ ہائے نظر میں قربت پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔روسی وفد نے آستانہ میں امریکی وزارت خارجہ کے معاون خصوصی برائے مشرقی وسطیٰ اسٹیوارٹ جونز سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ مذاکرات میں شریک روسی وفد نے اسد رجیم کے مندوب بشار الجعفری سے ملاقات کی۔ امریکی وفد نے اردن مشیر خارجہ اور ترک وفد سے ملاقاتیں کیں۔امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیوارٹ جونز نے ایک بیان میں کہا کہ ملاقاتوں کا مقصد کشیدگی کم کرنا اور شامی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت کے لیے ماحول ساز بنانے پر توجہ دینا ہے۔ادھر قزاقستان وزارت خارجہ کے مطابق آستانا میں ہونے والی شامی بحران بارے اجلاس میں روس کی طرف سے شام میں محفوظ زون کی تجویز پر غور کیا گیا۔