غزہ،4مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)فلسطینی ذرائع نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ عسقلان جیل کی انتظامیہ نے بھوک ہڑتال کرنے والے تمام قیدیوں کو جمعرات کی صبح نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔قابض اسرائیلی حکام کوشش کر رہے ہیں کہ مذکورہ قیدیوں کو بھوک ہڑتال ختم کرنے پر مجبور کر دیں۔ قیدیوں نے اپنے مطالبات پورنے نہ ہونے پر 17 اپریل سے اس ہڑتال کا آغاز کیا تھا۔دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے جمعرات کو صبح سویرے رام اللہ میں واقع فلسطین میڈیکل کمپاؤنڈ پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران ہسپتال کے صحنوں اور راہ داریوں میں ربر کی گولیاں چلائی گئیں اور گیس بم پھینکے گئے جس کے نتیجے میں مریضوں سمیت متعدد افراد دم گھٹنے کا شکار ہو گئے۔ادھر فلسطینی نیوز ایجنسی ’’وفا‘‘ کے مطابق قابض اسرائیلی بلدیہ کے بلڈوزروں نے جمعرات سے قبل بیت المقدس کے وسطی علاقے اولد سِٹی کے سامنے جبلِ زیتون کے علاقے میں غیر قانونی تعمیر کے بہانے رہائشی تنصیبات کو منہدم کر دیا۔