ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بھجبل کی حمایت میں او بی سی کمیونٹی کے لوگ 3 اکتوبر کو ریلی نکالیں گے 

بھجبل کی حمایت میں او بی سی کمیونٹی کے لوگ 3 اکتوبر کو ریلی نکالیں گے 

Wed, 28 Sep 2016 17:58:19  SO Admin   S.O. News Service

ناسک، 28؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دیگر پسماندہ طبقہ (او بی سی)کمیونٹی کے افراد مہاراشٹر کے سابق نائب وزیر اعلی چھگن بھجبل کی حمایت میں 3 ؍اکتوبر کو ناسک میں ریلی نکالیں گے۔بھجبل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کے الزام میں مارچ میں گرفتار کیا تھا۔اس سلسلے میں فیصلہ پیر کو ناسک کے رام لیلا میدان میں او بی سی کے ارکان کی ریلی میں لیا گیاہے ۔اس ریلی کو مقامی او بی سی لیڈروں نے خطاب کیا۔انہوں نے ناسک اور ضلع کے دیگر حصوں کی ترقی کے لیے بھجبل کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ جب ریاست میں ان کی پارٹی این سی پی کی حکومت تھی، تب بھجبل نے ناسک اور دیگر حصوں کی ترقی میں اہم کردار اداکیا تھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ بی جے پی قیادت والی ریاستی حکومت نے انتقام لینے کے احساس کی وجہ سے محکمہ تعمیرات عامہ کے سابق وزیر کو جیل میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ3 ؍اکتوبر کو ہونے والے مارچ میں شامل ہوں۔منتظمین نے یہاں ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ ریاست کی کئی او بی سی کمیونٹیوں نے اس ریلی میں شامل ہونے کے لیے اپنی حمایت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔اس ریلی کا اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب مراٹھا برادری کے لوگ تعلیم اور سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کے مطالبہ کو لے کر پوری ریاست میں خاموش مارچ نکال رہے ہیں۔بھجبل او بی سی لیڈر ہیں اور ناسک کے ییولا اسمبلی حلقہ سے ممبر اسمبلی ہیں۔انہیں منی لانڈرنگ کے الزام میں ای ڈی نے 14؍مارچ کو گرفتار کیاتھا اور فی الحال وہ ممبئی کی ایک جیل میں عدالتی حراست میں ہیں۔


Share: