نئی دہلی:10 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) ؒ عام آدمی پارٹی نے دہلی کو مکمل ریاست کے درجہ کو آئندہ لوک سبھا انتخابات کا مرکزی مسئلہ بناتے ہوئے اتوار کو یہاں بی جے پی ہیڈ کوارٹر کا گھیراؤ کر انتخابی مہم کا آغاز کیا۔ اس دوران ’آپ ‘کے دہلی یونٹ کے کنوینر گوپال رائے نے اتوار کی شام کو الیکشن کمیشن کی طرف سے لوک سبھا انتخابات کے پروگرام کی زیادہ انتظارکے بعد اعلان کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب دہلی سمیت پورے ملک کے مستقبل کو طے کرے گا۔ رائے نے کہا کہ پارٹی کا طلبا یونٹ سمیت دیگر تنظیموں کے کارکنوں نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ نہ مل پانے کے لیے بی جے پی اور کانگریس کو یکساں طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ اس معاملے پر رائے نے بی جے پی اور کانگریس کے ریاستی صدور کو خط لکھ کر ان سے پارٹیوں کا ’رخ‘ واضح کرنے کو کہا تھا، لیکن دونوں کا کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ مکمل ریاست کے مطالبے پر ’آپ‘ نے ہر ممکن کوشش کی؛ لیکن کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلا۔ مرکزی حکومت نے ہمارے مطالبہ پر کوئی توجہ نہیں دی ہے اس لئے’ آپ‘ کو تحریک کی راہ اختیار کرنا پڑی ۔ رائے نے کہا کہ دہلی میں آپ حکومت نے ترقی اور تبدیلی کے بہت کام کئے ہیں، لیکن مکمل ریاست نہ ہونے کی وجہ سے دہلی سرکار کے پاس محدود انتظامی طاقت ہے۔ جس سے دہلی کی مکمل ترقی نہیں ہو پا رہی ہے۔ گزشتہ 4 سالوں سے دہلی حکومت ترقی کیلئے جو بھی کوشش کرتی ہے، مرکزی حکومت اس میں دشواریاں اور ’اڑچن‘ پیدا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو کیا گیا گھیراؤ، دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کی سمت میں آپ کا پہلا قدم تھا۔