نئی دہلی:22 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر اوما بھارتی نے جمعہ کو کہا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات نہیں لڑیں گی کیونکہ ان کا مئی سے 18 ماہ تک ’تیرتھ یاترا‘ پر جانے کا منصوبہ ہے۔ اوما نے ان خبروں کو مسترد کر دیا کہ وہ جھانسی سے نہیں بلکہ کسی محفوظ سیٹ سے لڑنا چاہتی ہیں۔اوما نے کہا کہ انہوں نے 2016 میں ہی طے کر لیا تھا کہ وہ اس بار عام انتخابات الیکشن نہیں لڑیں گی۔ 59 سالہ اوما نے بتایا کہ میں نے 2016 میں کہا تھا کہ میں الیکشن نہیں لڑوں گی؛ کیونکہ مجھے گنگا کے کناروں پر آباد’تیرتھ مقامات‘ کی زیارت کرنی ہے ۔اگر میں الیکشن لڑتی تو میں جھانسی سے ہی لڑتی، میں اپنا حلق انتخاب کبھی نہیں بدل سکتی۔ وہاں کے لوگوں کو مجھ پر فخر ہے اور وہ مجھے اپنی بیٹی جیسا مانتے ہیں۔ اوما بھارتی نے یہ بھی کہا کہ وہ 2024 کا الیکشن لڑیں گی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں پارٹی اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات نہ لڑنے کے اپنے فیصلے سے بی جے پی کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیاتھا۔ رام لال نے ان سے ’تیرتھ یاترا ‘ کے لئے جانے سے پہلے پارٹی کے لئے انتخابی مہم میں شامل ہونے کو کہا تھا۔ اوما نے کہا کہ وہ پانچ مئی تک بی جے پی کے لیے انتخابی مہم میں شامل ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مجھے وزیراعلیٰ کے عہدے سے لے کر کابینہ وزیر کے عہدے تک بہت کچھ دیا ہے۔ میں نے بی جے پی کے صدر کے عہدے کو چھوڑ کر تقریباََتمام تنظیمی ذمہ داری سنبھالی ہیں۔ یہ میرا فرض ہے کہ پارٹی کو شرمندہ نہ ہونے دوں، میں پانچ مئی تک انتخابی مہم میں حصہ لوں گی ۔