پربھنی:20 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ کے اراکین عاملہ کا ایک اہم اجلاس مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی صدر جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ کی صدارت میں سٹی فنکشن ہال ،پربھنی میں منعقد ہوا ،جس میں حالات حاضرہ اور دیگر چند اہم امور پر تبادلہ خیال کے بعد فیصلہ لیا گیا ۔مجلس عاملہ جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ کے اس اجلاس میں تحفظ ختم نبوت کی تحریک کو عام کرنے کے لئے مختلف زبانوں میں لٹریچر تیار کر کے اس کو عام مسلمانوں تک پہونچانے نیز علماء کرام کے ذریعہ ختم نبوت کے عنوان پر پروگرام منعقد کر کے عوام میں اس عنوان سے بیداری لانے کا فیصلہ کیا گیا۔یاد رہے کہ اسی ماہ جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ نے دو پروگرام اسی عنوان سے عثمان آباد اور جنتور میں منعقد کیا ہے۔ مکاتب قرآنیہ کا قیام خصوصاً دیہی علاقوں میں اس کی فکر کی جائے ،جمعیۃعلماء اس تعلق سے کوشاں ہے کہ مکاتب قرآنیہ قریہ قریہ قائم کیے جائیں۔ووٹ کی طاقت اور اس کی اہمیت اور اس کے لئے بیداری مہم چلانے کی سخت ضرورت ہے،چونکہ جمہوری نظام میں ووٹ کی بہت اہمیت ہے،اور عام طور پر ہمارے مسلم بھائی ووٹوں کے تعلق سے غفلت برتتے ہیں ۔ان ووٹوں کے ذریعہ ہم جمہوری اقدار اور سیکولر نظریات کی حامل پارٹی کو لاسکتے ہیں،ا س کے لئے کوششیں کی جائے کہ ہم جمعہ کے خطبات میں ووٹ کی طاقت و اہمیت کو اجاگر کریں، اور ووٹنگ میں اجتماعیت کے ساتھ ایسی پارٹی کو ووٹنگ کریں جو اسلام و مسلمانوں کے حق میں مفید ثابت ہوسکتی ہے۔جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ اور اس کو مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے ہم جو کرسکتے ہیں کریں ،اور آپس میں رابطہ و تعلق مخلصانہ ہو اور ہم جمعیۃ کے مفاد ات کو ترجیح دیں ۔جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ کا دفتر سر دست پربھنی میں ہوگا ایسا طئے ہوا۔اس کے بعد جمعیۃعلماء کے نئے عہدیداران میں مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی ،قاری عبد الرشید صاحب حمیدی ،عبد القدیر مولانا ،حافظ عبد العظیم صاحب،مولانا سید نصر اللہ حسینی سہیل ندوی ،قاری محمد امین صاحب (اورنگ آباد) حافظ شیر خان صاحب ،مولانا الیاس پٹیل (بیڑ) مولانا عیسیٰ خان کاشفی ،مولانا محمد اعجاز خان صاحب بیتی (ہنگولی)،جناب طیب بخاری صاحب (پربھنی) مولانا غلام رسول صاحب بیتی (جنتور) مولانا عمران خان ندوی (بھوکردن)حافظ محمد عیسیٰ (پربھنی)حاجی شہاب قریشی (منٹھا)حافظ عبد الحفیظ صاحب ناندیڑ،مولانا قیصر خان صاحب (اورنگ آباد) حافظ عبد اللطیف صاحب مانوت،حافظ محمد سعید حنظلہ (ناندیڑ) وغیرہ کا گلپوشی کے ذریعہ استقبال کیا گیا ،نیز اخیر میں مولانا غلام رسول صاحب بیتی جو صاحب قلم و قرطاس ہیں ،انہوں نے حال ہی میں فضائل دعا عنوان سے ایک شاندار و پر مغز کتاب مرتب کی ہے ،جس میں اکابر علماء کرام کی تقریظات کی موجودگی اس کتاب کے مستند و معیاری ہونے کی دلیل ہے ،اس اہم کتاب کا اس اجلاس میں جمعیۃعلماء مراٹھواڑہ کے عہدیداران کے ہاتھوں اجراء کیا گیا۔نیز جناب مصطفیٰ خان صاحب رکن جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ اورنگ آباد کے بھائی کی صحت ناساز ہے اس کی وجہ سے وہ آج اس اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے،ان کے بھائی کے لئے دعاء صحت کی گئی ۔اس لحاظ سے یہ مجلس عاملہ کا اجلاس اپنے مقاصد کے اعتبار سے کامیاب ثابت ہوا۔