نئی دہلی:25 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے راجستھا ن کے گورنر کلیان سنگھ پر آئینی وقار کی توہین کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیاہے۔کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ مسٹر سنگھ نے بی جے پی کے سلسلے میں دئے گئے ایک بیان سے گورنر کے عہدہ کا وقار مجروح کیا ہے۔ انہوں نے آئین کا وقار مجروح کیا ہے۔ انہیں گورنر کے عہدہ سے استعفیٰ د ے دیناچاہیے ورنہ صدر کو انہیں ان کے عہدہ سے ہٹادیناچاہیے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق مسٹر سنگھ نے علی گڑھ میں بی جے پی کے کارکنوں سے کہا ہے کہ ہم تمام لوگ بی جے پی کے کارکن ہیں۔ اس ناطے سے ہم ضرور چاہیں گے کہ بی جے پی کامیاب ہو اور مرکز میں مسٹر نریندر مودی ہی وزیر اعظم بنیں۔ ان کا وزیر اعظم بننا ملک اور سماج کے لیے ضروری ہے۔