نئی دہلی:6 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) دہلی اقلیتی کمیشن نے سکھ شہری جسمیت سنگھ کی شکایت پر دہلی سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے 19 ممبران کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ شکایت ہے کہ یہ ممبران سکھ مذہب کا مکمل طور سے پالن نہیں کرتے جو کہ گردوارہ پربندھک کمیٹی ایکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے۔ شکایت کے مطابق یہ ممبران داڑھی کاٹتے یا رنگتے ہیں ، شراب پیتے ہیں ، انھوں نے امرت نہیں چکھی ہے یا ان میں سے کچھ لوگ آخری گرو ( گرو گرنتھ صاحب )کے بعد بھی کسی کو گرو مانتے ہیں۔ اس کے علاوہ کمیشن میں یہ شکایت بھی درج ہوئی ہے کہ گردوارہ پربندھک کمیٹی میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگی پائی جاتی ہے۔ اس شکایت کا بھی نوٹس لیا گیا ہے۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اس نے گردوارہ کمیٹی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا ہے بلکہ کچھ افراد کے خلاف ایکشن لیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ گردوارہ کمیٹی کے ایکٹ میں مذکور ’’سکھ ‘‘کی تعریف پر عمل پیرا نہیں ہیں، اس لیے ان کومذکورہ کمیٹی کا ممبر نہیں ہونا چاہیے۔