ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مدھیہ پردیش: اسمبلی کا گھیراؤ کرنے پہنچے کانگریس لیڈران، عوام سے کیے وعدے پورا نہ کرنے کا الزام

مدھیہ پردیش: اسمبلی کا گھیراؤ کرنے پہنچے کانگریس لیڈران، عوام سے کیے وعدے پورا نہ کرنے کا الزام

Tue, 17 Dec 2024 11:37:34  Office Staff   S.O. News Service

بھوپال، 17/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) آج کانگریس لیڈران ٹریکٹر پر سوار ہو کر مدھیہ پردیش اسمبلی کا گھیراؤ کرنے پہنچے، جس سے شور شرابہ جیسے ماحول میں حالات پیدا ہو گئے۔ مدھیہ پردیش کی حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر کانگریس نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ انتخابی وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اسی پیش نظر کانگریس نے اسمبلی کا گھیراؤ کر کے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ کانگریس نے حکومت کی متعدد ناکامیوں کا ذکر کرتے ہوئے اس تحریک کا آغاز کیا، تاہم کسانوں کے مسائل کو انہوں نے ترجیح دی۔ مظاہرے کے دوران اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار خود ٹریکٹر پر سوار ہو کر آئے اور احتجاج کے دوران کانگریس لیڈران اپنے ہاتھوں میں کھاد کی بوریاں بھی لے کر آئے۔

کانگریس نے احتجاج کے دوران کسانوں کے مسائل کے ساتھ ساتھ خواتین، بےروزگاری، ریاست میں بڑھتے جرائم جیسے اہم ایشوز کے حوالے سے ریاستی حکومت سے جواب طلب کیا۔ نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار نے کہا کہ ’’مدھیہ پردیش میں کسانوں سے منسلک کافی مسائل ہیں جنہیں حل کرنے میں حکومت پورے طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ مدھیہ پردیش میں کھاد-بیج کو لے کر کسان پریشان ہو رہے ہیں۔ بے روزگاری دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔ آئے دن خواتین کے خلاف جرائم میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘

مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جیتو پٹواری نے کانگریس لیڈران اور کارکنان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم پُرامن طریقے سے حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود بھی اگر پولیس لاٹھی چارج کرتی ہے تو میں لاٹھی کھانے کے لیے سب سے پہلے تیار رہوں گا۔‘‘ واضح ہو کہ پھوپال پولیس کمشنر نے پہلے ہی حکم نامہ جاری کر دیا تھا کہ نئی اسمبلی کے آس پاس کے 5 کلومیٹر دائرے کے اندر کسی بھی طرح کی تحریک یا مظاہرے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
 


Share: