لکھنؤ،14اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) گورکھپور کے میڈیکل کالج میں گزشتہ چند دنوں میں بہت سے بچوں کی موت کے معاملے میں اپوزیشن کانگریس نے لکھنؤ میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور جلوس نکالا۔ اس دوران یوپی کانگریس صدر راج ببر نے کہا کہ یوپی کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت گورکھپور کے معاملے میں مکمل طور پر ذمہ دار ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ مسلسل اس مسئلے پر جھوٹ بول رہے ہیں، اگرچہ کانگریس کے اس جلوس کو اسمبلی پہنچنے سے روک دیا گیا۔اس کے ساتھ ہی پیر کو گورکھپور کے ہسپتال میں بچوں کی موت کے معاملے میں دخل دینے سے سپریم کورٹ نے انکار کر دیا ہے۔ کورٹ نے کہا کہ یہ ایک ریاست، ایک ہسپتال اور ایک ضلع کا واقعہ ہے، لہذا درخواست گزار اس معاملے میں ہائی کورٹ جا سکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے ٹی وی پر دیکھا ہے کہ خود وزیر اعلی معاملے میں نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔ مرکزی حکومت کے وزیر بھی ہسپتال گئے ہیں۔ دراصل ایک خاتون وکیل راج شری ریڈی نے سپریم کورٹ سے اس معاملے میں نوٹس لینے کی فریاد کی تھی۔ اس پر رائے دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے یہ تبصرہ کیا۔
اس سے پہلے گورکھپور میڈیکل کالج میں دو دنوں میں 30 بچوں کی موت کے بعد حالات کا جائزہ لینے گئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی موت کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی۔ انہوں نے کانگریس سمیت اپوزیشن پارٹیوں کے لاپروائی برتنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس معاملے میں کوئی غفلت نہیں ہوئی۔ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اس معاملے میں مرکزی حکومت ہماری ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی تحقیقات کے لئے چیف سکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔ رپورٹ کے آنے کے بعد قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، قصورواروں کو ایسی سزا ملے گی جو کہ مثال بنے گی۔