نئی دہلی/سان فرانسسکو، 16/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دنیا کے معروف طبلہ نواز اور پدم وبھوشن سے سرفراز استاد ذاکر حسین کا انتقال امریکہ کے سان فرانسسکو میں ہو گیا۔ 73 سالہ استاد کافی عرصے سے علیل تھے اور سان فرانسسکو کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں انہوں نے اپنی آخری سانس لی۔ اسپتال کے ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے، تاہم ان کے اہل خانہ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
استاد ذاکر حسین کا جنم 9 مارچ 1951 کو ممبئی میں ہوا تھا۔ انہیں 1988 میں پدم شری، 2002 میں پدم بھوشن اور 2023 میں پدم وِبھوشن سے نوازا گیا تھا۔
ذاکر حسین کو تین گریمی ایوارڈز بھی مل چکے تھے۔ ان کے والد کا نام استاد اللہ قریشی اور والدہ کا نام بی بی بیگم تھا۔ذاکر کے والد بھی مشہور طبلہ نواز تھے۔ ذاکر حسین کی ابتدائی تعلیم ممبئی کے ماہم میں واقع سینٹ مائیکل اسکول سے ہوئی تھی اور اس کے علاوہ انہوں نے گریجویشن ممبئی کے سینٹ زیوئرز کالج سے کیا تھا۔
ذاکر حسین نے صرف 11 سال کی عمر میں امریکہ میں پہلا کنسرٹ کیا تھا۔سال1973 میں انہوں نے اپنا پہلا البم "لِوِنگ ان دی مٹیریل ورلڈ” لانچ کیا تھا۔
ذاکر حسین میں بچپن سے ہی موسیقی کا شوق تھا اور وہ کسی بھی سطح پر اپنی انگلیوں سے دھن بجانا شروع کر دیتے تھے۔ وہ جس جگہ کو بھی فلیٹ (سخت) پاتے، اس پر ہاتھ مار کر دھن بجانے لگتے تھے۔
یہاں تک کہ وہ کچن میں برتنوں کو بھی نہیں چھوڑتے تھے۔ توا، ہانڈی، تھالی، جو بھی برتن ملتا، وہ اس پر ہاتھ مار کر دھن بجانے لگتے تھے۔ ان کی یہ موسیقی کا جذبہ اور تخلیقی صلاحیت انہیں ایک منفرد اور غیر معمولی فنکار بناتی تھی۔
استاد ذاکر حسین اپنے زندگی کے آخری وقت تک موسیقی کے فن میں مگن رہے۔ وہ نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں اپنے کنسرٹس کے لیے مشہور تھے۔ ان کے پروگرام دنیا کے مختلف ممالک میں ہوتے تھے، اور ہر بار ان کی موسیقی میں ایک نیا جذبہ اور تخلیقیت دکھائی دیتی تھی۔ ان کی پرفارمنسز نے نہ صرف ہندوستانیوں کو بلکہ عالمی سطح پر بھی موسیقی کے شائقین کو متاثر کیا۔ ان کا کام اور ان کی پرفارمنسز ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔
ذاکر حسین کا اعزاز نہ صرف ہندوستان میں تھا بلکہ دنیا کے سب سے طاقتور ملک، امریکہ میں بھی ان کا بے حد احترام کیا جاتا تھا۔ 2016 میں، سابق امریکی صدر بارک اوباما نے انہیں ‘آل اسٹار گلوبل کنسرٹ’ میں حصہ لینے کے لیے وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا تھا۔ ذاکر حسین پہلے ہندوستانی موسیقار تھے جنہیں یہ دعوت ملی تھی۔