ئی دہلی،14اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں انسفلائٹس میں مبتلا بچوں کی موت سے بی جے پی کے ایم پی ورون گاندھی انتہائی دکھی ہیں۔ ایسا حادثہ ان کے پارلیمانی حلقہ سلطان پور میں نہ ہو اس لئے انہوں نے اطفال میڈیکل مرکز قائم کرنے کے لئے ایم پی فنڈ سے پانچ کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ ورون گاندھی نے کہا کہ گورکھپور حادثے سے میں کافی مجروح ہوں جس میں کئی بچوں کی موت ہو گئی۔ اس معاملے میں قصورواروں پر کارروائی تو کی ہی جانی چاہیے، ساتھ ہی آگے ایسا کوئی حادثہ نہ ہو اس کے لئے ضروری قدم اٹھائے جانے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آج میں نے سلطان پور کے ضلع ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر اور ضلع افسران سے بات کی اور ضلع کی صورتحال کا جائزہ لیا۔سلطان پور کا ایم پی ہونے کے ناطے میں نے اپنے ایم پی فنڈ سے سلطان پور کے ضلع ہسپتال میں جدید اطفال طبی مرکز بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے لئے پانچ کروڑ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ورون گاندھی نے کہاکہ اس کے علاوہ بھی میں چندے اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے ذریعے ہسپتال کے لئے پانچ کروڑ روپے کی اضافی رقم جٹاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ میری طرف سے ایم پی فنڈ کا چیک آج سے لاگو ہوگا۔ اس کے علاوہ پانچ کروڑ روپے کی اضافی رقم اگلے چھ ماہ میں جٹا لئے جانے کا امکان ہے۔
ایم پی نے کہا کہ سلطان پور ضلع کے اس مرکز میں بچوں کے لئے خاص طور پر فضائی اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج کے انتظام ہوں گے۔ اس کے علاوہ مختلف بیماریوں کی تحقیقات کے لئے لیبارٹری قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں بچوں کے لئے 100 بستروں والے کمرے تعمیر ہوں گے۔بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نے اس سلسلے میں ایک خط بھی جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز میں قومی ویکسینیشن کے آپریشن کا مکمل بندوبست ہوگا۔یہاں تین ایمبولینس کا انتظام بھی کیا جائے گا۔