ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کانگریس کا الزام: بی جے پی نے امبیڈکر کی توہین پر معافی کے بجائے ویڈیو ہٹانے کا حکم دیا

کانگریس کا الزام: بی جے پی نے امبیڈکر کی توہین پر معافی کے بجائے ویڈیو ہٹانے کا حکم دیا

Thu, 19 Dec 2024 16:56:07  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 19/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کے معاملے پر وزیر داخلہ امت شاہ اور ان کی پارٹی بی جے پی کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اس مسئلے پر پارلیمنٹ سے لے کر عوامی سطح تک مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اپوزیشن نے امت شاہ سے ان کے بیان پر معافی مانگنے اور استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس دوران کانگریس نے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کانگریس نے کہا کہ امت شاہ اور بی جے پی بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کرنے پر معافی مانگنے کے بجائے، اس ویڈیو کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) سے ہٹانے کا دباؤ ڈال رہے ہیں جس میں امت شاہ نے امبیڈکر کی توہین کی تھی۔ کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے دہلی میں پریس سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’بی جے پی کے رہنماؤں نے بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کی اور اب وزیر داخلہ امت شاہ کو بچانے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی میدان میں آگئے ہیں۔ جب بات نہیں بنی تو انہوں نے ایکس کو ہدایت دی کہ وہ ویڈیو ہٹا دے۔‘‘

اس کے علاوہ، کانگریس نے کہا کہ ایکس نے اس ویڈیو کو ہٹانے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ اس میں کسی قسم کی قانونی خلاف ورزی نہیں ہے۔ سپریہ شرینیت نے کہا، ’’ہم نے شاہ کے خطاب کی غیر ایڈیٹڈ ویڈیو نکالی ہے، جس میں وہ صاف طور پر کہتے ہیں کہ آج کل امبیڈکر کا جتنا نام لیا جاتا ہے، اگر خدا کا نام اتنا لیا ہوتا تو سات جنموں میں سورگ مل جاتا!‘‘

کانگریس نے مزید کہا کہ "آپ (امت شاہ) کو اس جرم کے لیے معافی مانگنی چاہیے اور عوام کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑے ہونا چاہیے لیکن بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کے بعد آپ ہمیں ڈرا رہے ہیں، ہم آپ کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے۔‘‘

کانگریس نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ اس نے بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر ہٹا کر جارج سوروس کی تصویر لگا دی، جسے بی جے پی ’ملک مخالف‘ سمجھتی ہے۔ کانگریس نے کہا کہ یہ بابا صاحب کی توہین کا نیا طریقہ ہے، جس سے بی جے پی کی سوچ کا پتہ چلتی ہے۔
 


Share: