دبئی،29مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم نے سیشن کا اختتام ٹاپ پر رہتے ہوئے کیا ہے اور اس کی وجہ سے ٹیسٹ چمپئن شپ پر اس کا قبضہ برقرار ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے 10 لاکھ ڈالر کی رقم حاصل کرنے کی حقدارہوگئی ہے۔ یہ ٹیسٹ سیریز اور رقم یکم اپریل تک نمبر ایک مقام پر رہنے والی ٹیم کو دی جاتی ہے۔بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ہال آف فیم میں شامل سنیل گواسکر نے دھرم شالہ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے بعد ایک تقریب میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کو گدا اور چیک سونپا۔دھرم شالہ میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کرنے کے ساتھ ہی ہندوستان نے بارڈر۔گواسکر ٹرافی جیت لی ہے۔ اس نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کو 2-1 سے شکست دی۔
رانچی میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تیسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔گزشتہ سال اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف اندور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کر کے ہندوستان نے آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔اس درجہ بندی میں دوسرے اور تیسرے مقام کے لئے ٹیموں کا انتخاب ہیملٹن میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے نتائج کے بعدہوگا۔ہیملٹن میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں اگر جنوبی افریقہ جیت حاصل کرتی ہے یا یہ میچ ڈرا ہو تو آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں جنوبی افریقہ کو دوسرا مقام حاصل ہوگا، لیکن اگر ہار ملتی ہے، تو آسٹریلیا دوسرا مقام حاصل کرے گا۔اس درجہ بندی میں دوسرا مقام حاصل کرنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم اور تیسرے مقام والی ٹیم کو دو لاکھ ڈالر کی رقم دی جائے گی۔ اس درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر قابض انگلینڈ ٹیم کو ایک لاکھ ڈالر کی رقم دی جائے گی۔
اس کامیابی پر اپنے بیان میں کوہلی نے کہا کہ ہم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پر جگہ حاصل کرکے خوش ہیں۔ یہ طویل فارمیٹ کے کھیل میں اصل معنوں میں ٹیم کی صلاحیت کی پرکھ ہوتی ہے اور مجھے فخر ہے کہ ہم نے خود کو بہترین ثابت کیا ہے۔کوہلی نے کہا کہ میں اس کے لئے کھلاڑیوں، معاون عملہ اور ٹیم مینجمنٹ کا شکرگزار ہوں، ان سب کے بغیر یہ کامیابی حاصل کر پانا مشکل ہوتا، یہ سفر آسان نہیں تھا لیکن سخت محنت کا پھل مل گیا ہے، ہم نے گزشتہ چند ماہ میں اچھا کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنا مقام برقرار رکھا ہے۔اس موقع پر آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ رچرڈسن نے ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے میں ہندوستان کو اتنے سخت چیلنج کے درمیان اپنے مقام کو برقرار رکھتے ہوئے اسکامیابی کو حاصل کرنے کی مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔رچرڈسن نے کہا کہ ٹیم نے گزشتہ 12 ماہ میں باقاعدگی سے اچھی کارکردگی کی ہے، ٹیم کو کھیلتے دیکھنا دلچسپ رہا ہے، میں اگلے سال بھی بہترین کرکٹ کارکردگی کی توقع کر رہا ہوں، جس میں ہندوستانی ٹیم ٹاپ پر جگہ پر بنے رہنے کے لئے ہر کوشش کرے گی۔