ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ستیندر جین نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بانسری سوراج کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا، 20 دسمبر کو عدالت میں پیشی

ستیندر جین نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بانسری سوراج کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا، 20 دسمبر کو عدالت میں پیشی

Mon, 16 Dec 2024 19:24:59  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 16/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بانسری سوراج کو مجرمانہ ہتک عزت کا نوٹس جاری کیا ہے۔ بانسری کے خلاف یہ عرضی عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور سابق وزیر ستیندر جین نے دائر کی تھی۔ ستیندر جین نے اپنی عرضی میں الزام لگایا ہے کہ بانسری سوراج نے 5 اکتوبر 2023 کو ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ان کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔ عدالت نے بانسری سوراج کو 20 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کی جانب سے بانسری کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ بذات خود عدالت میں پیش ہوں یا اپنی وکیل کے ذریعے پیش ہو سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 20 دسمبر کو اس معاملے میں ستیندر جین اور ان کے دو گواہوں کا بھی بیان درج کیا جائے گا۔

ستیندر جین کے مطابق بانسری سوراج نے ان پر جو توہین آمیز تبصرہ کیا تھا اس کا واضح مقصد تھا ان کو بدنام کرنا۔ ستیندر جین نے آگے کہا کہ ’’بانسری سوراج نے جھوٹا دعویٰ کیا ہے کہ ان کے گھر سے 3 کروڑ روپے برآمد ہوئے اور ان کے گھر سے 1.8 کلوگرام سونا اور 133 سونے کے سکّے برآمد ہوئے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی ستیندر جین نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے مجھ پر توہین آمیز تبصرہ کر کے غیر ضروری سیاسی فائدہ بھی حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ بانسری سوراج سابق وزیر خارجہ کی بیٹی ہیں، ان کی پیدائش 3 جنوری 1984 کو ہوئی تھی۔ بانسری سوراج گزشتہ 15 سال سے وکالت کر رہی ہیں۔ حالیہ اختتام پذیر پارلیمانی انتخاب میں بی جے پی کی ٹکٹ پر سیاست میں قسمت آزماتے ہوئے نئی دہلی سیٹ سے جیت درج کی۔
 


Share: