حیدرآباد:9 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بی جے پی صدر امت شاہ نے سابقہ یو پی اے حکومت پر قومی سلامتی کے مسائل سے ’ کافی طریقے سے نہ نمٹنے‘ کو لے کر حملہ بولتے ہوئے منگل کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے حکومت نے ملک کو محفوظ بنایا ہے۔ امیت شاہ نے تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابی مہم کے آخری دن ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکز میں بی جے پی قیادت این ڈی اے حکومت کی واپسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف مودی ہی ایک مضبوط حکومت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت، سونیا منموہن سرکار مرکز میں 10 سال تک تھی ۔ فوجیوں کے سر لے جائے جاتے تھے؛ لیکن اس کے لئے کسی کو جوابدہ نہیں بنایا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے گھر میں گھس کر فضائی حملے کئے اور دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کیا۔ شاہ نے کہا کہ مبینہ طور پر جے این یو میں ملک مخالف نعرے لگائے گئے ، جسے آزادی اظہار بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ان سب کو جیل میں ڈالے گی جو کہتے ہیں ’ بھارت تیرے ٹکڑے ہوں گے ہزار۔ نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ کا تبصرہ کہ کشمیر کا ایک وزیر اعظم ہونا چاہئے، پر انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کو ملک کے سامنے یہ واضح کرنا چاہئے کہ کیا وہ ان کے بیان سے اتفاق رکھتے ہیں یا نہیں ؟