ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اماراتی شہریوں کو بیرون ملک میں روایتی لباس پہننے سے اجتناب کرنے کی تاکید

اماراتی شہریوں کو بیرون ملک میں روایتی لباس پہننے سے اجتناب کرنے کی تاکید

Tue, 05 Jul 2016 12:09:00  SO Admin   S.O. News Service

نیویارک، 4جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکہ کی ریاست اوہائیو میں ایک اماراتی بزنس مین کو داعش کا مشتبہ رکن سمجھ کر حراست میں لیے جانے کے بعد متحدہ عرب امارات کی حکومت نے مرد حضرات پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر کے دوران ملک کا قومی لباس عبایا اور سر پوش نہ پہنیں۔ متحدہ عرب امارات کے ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی خبروں کے مطابق اماراتی شخص کو گزشتہ ہفتے وسطی ریاست اوہائیو کے شہر ایوون میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب ایک مقامی ہوٹل میں ایک خاتون کلرک نے 911 نمبر پر فون کر کے مبینہ طور پر داعش سے وابستہ ایک شخص کی موجودگی کی اطلاع دی۔انگریزی روزنامے دی نیشنل نے کہا کہ فیئر فیلڈ ان ہوٹل کی ریسپشنسٹ نے اس وقت پولیس کو کال کی جب اس نے اس شخص کو ہوٹل کی لابی میں اپنے فون پر گفتگو کرتے سنا۔متحدہ عرب امارات کے ایک اور روزنامے نے اماراتی شخص کی تصاویر شائع کیں جن میں اس نے سفید عبایا پہن رکھی ہے اور اسے پولیس نے پکڑ کر زمین پر لٹایا، ہتھکڑی لگائی اور وہاں سے لے گئی۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ اماراتی شہری بیرون ملک سفر کے دوران، خصوصاً عوامی مقامات پر اپنی حفاظت کے پیش نظر اماراتی قومی لباس نہ پہنیں۔حکومت نے عورتوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ یورپ کے کچھ حصوں میں چہرہ ڈھانپنے پر پابندی سے متعلق ضابطے پر عمل کریں۔ انتباہی بیان میں فرانس، بلجیم، ڈنمارک اور ہالینڈ کے علاوہ کچھ یورپی شہروں مثلاً سپین کے شہر بارسیلونا کا خصوصی تذکرہ کیا گیا جہاں 2010سے چہرہ ڈھانپنے کی ممانعت ہے۔وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے اس نے امریکہ کے نائب سفیر ایتھن گولڈرچ کو طلب کر کے اوہائیو پولیس کی اماراتی شہری سے بدسلوکی پر احتجاج کیا ہے اور اس کی گرفتاری کی وڈیو بنانے کی مذمت کی ہے جو اس کے بقول ہتک عزت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات اپنے شہریوں کے تحفظ کا خیال رکھتا ہے اور اس واقعے کی وضاحت کا مطالبہ کرتا ہے۔سرکاری خبررساں ادارے ڈبلیو اے ایم کے مطابق نائب سفیر گولڈرچ نے واقعے پر معذرت کی اور اوہائیو ریاست کے حکام سے وضاحت طلب کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔مقامی اخبارات کے مطابق ایوون پولیس نے اپنی غلطی کا احساس ہونے پر اس شخص کو چھوڑ دیا مگر وہ بیہوش ہو گیا تھا اور اسے اسپتال لے جانا پڑا۔


Share: