ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کھرگے کا امت شاہ پر سخت بیان: ’آئین کی خلاف ورزی کابینہ میں رہنے کا حق چھین لیتی ہے‘

کھرگے کا امت شاہ پر سخت بیان: ’آئین کی خلاف ورزی کابینہ میں رہنے کا حق چھین لیتی ہے‘

Thu, 19 Dec 2024 11:06:53  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی، 19/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے پارلیمنٹ میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے حوالے سے تبصرے کے بعد ملک بھر میں ایک شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ خاص طور پر اپوزیشن رہنماؤں نے ان پر کڑی تنقید کی ہے۔ اسی ضمن میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی امت شاہ پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’آئین پر پارلیمنٹ میں بحث ہوئی لیکن گزشتہ کل امت شاہ نے بابا صاحب کے حوالے سے انتہائی ناگوار بات کہی ہے۔ بابا صاحب سب کے لیے قابل احترام ہیں اور امت شاہ نے ان کی توہین کی ہے۔ بی جے پی آئین کی قدر نہیں کرتی بلکہ وہ منوسمرتی کی بات کرتے ہیں، یہی ان کی اصلی ذہنیت ہے۔‘‘

کانگریس صدر نے یہ بیان ایک پریس کانفرنس کے دوران دیا ہے۔ انھوں نے امت شاہ کی تقریر کے متنازعہ حصہ کی ویڈیو میڈیا کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کے دلت ہیرو جو سب کے لیے قابل احترام ہیں ان کے متعلق توہین آمیز بیان دیا گیا۔ اپوزیشن پر یہ کہتے ہوئے طنز کیا کہ امبیڈکر-امبیڈکر کرتے ہو۔ بھگوان کا نام لیتے تو جنت مل جاتی۔ یہ لوگ آئین کو نہیں مانتے ہیں۔ جنت اور جہنم کی باتیں منوسمرتی میں ہے۔ یہ ذہنیت مودی اور ان کی کابینہ میں ہے۔ گولوالکر کی بھی یہی سوچ تھی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس، نہرو اور گاندھی فیملی کو کمتر دکھانے کے لیے بی جے پی ایسا کر رہی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ کا بچاؤ کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی سامنے آ جاتے ہیں اور 6 ٹوئٹ کر ڈالتے ہیں۔‘‘

کانگریس صدر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے حوالے سے کہا کہ ’’اگر وزیر اعظم مودی کے دل میں بھیم راؤ امبیڈکر کے متعلق عزت ہے تو آج رات 12 بجے سے پہلے پہلے امت شاہ کو ہٹا دینا چاہیے۔ جو شخص آئین کا حلف لے کر ایوان  میں آتا ہے، وزیر بنتا ہے اگر وہ آئین کی توہین کرتا ہے تو اس کو کابینہ میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ایسے لوگوں کو فوراً برخاست کر دینا چاہیے تبھی اس ملک کے لوگ سکون سے رہیں گے۔ نہیں تو ہر جگہ لوگ بابا صاحب کے لیے نعرے لگائیں گے، لوگ ان کی لیے جان دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔‘‘
 


Share: