نئی دہلی6جون؍(آئی این ایس انڈیا)کانگریس لیڈر ٹام وڈکن نے بی جے پی صدر امت شاہ اور مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل کو تاریخ پڑھنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کو نامی پروفیسرس سے تاریخ کا کریش کورس کرایا جانا چاہئے، کیونکہ دونوں اس موضوع میں کمزور ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرخیاں بٹورنے کے لیے یہ لوگ بڑی شخصیتوں پر بیانات کے تیر چھوڑتے ہیں۔ہندوستان نہرو، گاندھی اور کئی دیگر کانظریہ ہے۔انہوں نے دنیا کے سامنے مضبوطی سے ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔کتابوں سے نہرو کی تاریخ ہٹانے اور دیگر منصوبوں کو لے کر کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی صدر نہرو کا نام کیوں لے رہے ہیں، ان کی تصویر خراب کیوں کی جا رہی ہے؟ اس سے نہرو کا نہیں امت شاہ کا نقصان ہے۔ان سے تعلیم کو لے کر سوال کئے جائیں گے۔وڈکن نے کہا کہ امت شاہ اپنی پارٹی پر توجہ مرکوز کریں اور کام کریں تو ان کے لئے بہتر ہو گا۔مہاراشٹر کے آمدنی وزیرایکناتھ کھڑسے کے استعفی کو لے کر انہوں نے کہا کہ استعفی کا ڈرامہ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ امت شاہ کارروائی کریں تو عوام کے درمیان پیغام جائے گا۔اس معاملے میں تحقیقات کی ضرورت ہے۔