لکھنؤ:14 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ کے اس بیان کو ’غلط‘ اور شرانگیز قرار دیا کہ بی ایس پی انتخابات کے وقت ہی امبیڈکر کو یاد کرتی ہے۔مایاوتی نے ٹویٹ کر کہا کہ بی جے پی صدر(امت) شاہ کا کہنا کہ بی ایس پی انتخابات کے وقت میں ہی ڈاکٹر امبیڈکر کو یاد کرتی ہے، غلط اور مفاد پرست سیاست پر مبنی بیان ہے۔انہوں نے کہا کہ بی ایس پی بابا صاحب سے دن رات سال میں 365 دن نصیحت حاصل کرکے دلت سماج کے مفاد میں کام کرنے والی تحریک ہے اور حکومت میں رہ کر ان کی عزت احترام میں تاریخی کام کیا ہے۔واضح ہو کہ امت شاہ نے ہفتہ کو انتخابی جلسے میں کہا تھا کہ:’جب انتخا ب آتا ہے تب بہن جی کو امبیڈکر جی یاد آتے ہیں لیکن الیکشن جیتنے پر وہ صرف اپنی مجسمے ہی لگواتی ہیں‘۔مایاوتی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ بی جے پی لیڈروں نے ترقی، کالا دھن، کرپشن، غربت، بے روزگاری اور کسانوں وغیرہ کو فراموش کرکے نام نہاد قوم پرستی اور قومی سلامتی کو اس انتخاب میں کیش کرنا شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیکن اس میں بھی ناکام ہونے پر اب ووٹروں کو ان کا کام نہ کرنے کی دھمکی دینا جیسا کہ مسز مینکا گاندھی طرف سے کیا گیا، یہ انتہائی قابل مذمت ہے۔قابل ذکر ہے کہ سلطان پور سے بی جے پی امیدوار مرکزی وزیر مینکا گاندھی نے مسلم ووٹروں سے حال ہی میں کہا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ان کے حق میں ووٹ کریں کیونکہ مسلمانوں کو انتخابات کے بعد ان کی ضرورت پڑے گی۔