سیول،2مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شمالی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ واشنگٹن حکومت جزیرہ نما کوریا کو جوہری جنگ کے دھانے کی طرف دھکیل رہی ہے۔ پیونگ یانگ کی طرف سے یہ بیان دو امریکی بمبار طیاروں کی جزیرہ نما کوریا پر پرواز کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ پرواز جنوبی کوریا اور جاپان کی ایئرفورس کے ساتھ مشترکہ تربیتی مشق کا حصہ تھی۔ شمالی کوریا کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے تناظر میں امریکی حکومت نے اپنے دو سپر سونک بی ون بی لانسر بمبار طیارے اس علاقے میں تعینات کیے ہیں۔ پیر کے روز ان بمبار طیاروں کی جزیرہ نما کوریا پر پرواز ایک ایسے موقع پر عمل میں آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹیلی وڑن انٹرویو میں کہا کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اْن کے ساتھ ملاقات کے لیے تیار ہیں۔