ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / امریکی انتباہ کے بعد صوبے حلب میں فائر بندی کا روسی اعلان

امریکی انتباہ کے بعد صوبے حلب میں فائر بندی کا روسی اعلان

Thu, 16 Jun 2016 18:10:21  SO Admin   S.O. News Service

دمشق،16جون(آئی این ایس انڈیا)امریکا کے اس انتباہ کے بعد کہ صدر بشارالاسد اور اُن کی حلیف ماسکو حکومت کو فروری میں شام کے لیے طے کردہ ملک گیر فائر بندی کی پاسداری کرنی چاہیے، روس نے شامی صوبے حلب میں 48 گھنٹے کی فائر بندی کا اعلان کیا ہے۔فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ایک جائزے کے مطابق ایک زمانے میں شام کے کاروباری مرکز کی حیثیت رکھنے والا شمالی صوبہ حلب اُس ہولناک جنگ میں تباہ و برباد ہو چکا ہے، جس میں اب تک دو لاکھ اَسّی ہزار سے زیادہ انسان مارے جا چکے ہیں۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق منگل سے حلب سٹی کے جنوب کی جانب حکومتی دستوں، باغیوں اور جہادیوں کے درمیان جاری تازہ لڑائی میں کم از کم ستتر جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔ حلب سٹی 2012ء سے لڑائی کی لپیٹ میں ہے، جب باغیوں نے اس شہر کے مشرقی حصے پر قبضہ کر لیا تھا اور ملکی دستے شہر کے مغربی حصے تک محدود ہو کر رہ گئے تھے۔ اب اس شہر میں کئی محاذ کھلے ہوئے ہیں اور ہر فریق پورے شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔دفاعی لحاظ سے اہم راستوں کے درمیان پہاڑی علاقے کے کئی دیہات میں حکومت نواز جنگو، جنہیں روسی اور حکومتی فضائی حملوں کا بھی تعاون حاصل ہے، باغی گروپوں اور القاعدہ سے قربت رکھنے والی تنظیم النصرہ فرنٹ کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔روسی وزارتِ دفاع کے ایک بیان کے مطابق سولہ جون نصف شب سے اڑتالیس گھنٹے کی فائر بندی کا مقصد پُر تشدد کارروائیوں کو کم کرنا اور حالات کو مستحکم کرنا ہے۔ اس بیان میں النصرہ فرنٹ پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ اُس نے حلب کے کئی مضافاتی علاقوں میں راکٹ فائر کیے ہیں۔شام میں پانچ سال سے جاری تنازعے میں بڑی عالمی طاقتیں دو مختلف فریقوں کا ساتھ دے رہی ہیں۔ امریکا شامی اپوزیشن کی پشت پناہی کر رہا ہے جبکہ روس شامی صدر بشار الاسد کا ساتھ دے رہا ہے۔بدھ کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا: روس کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہمارا صبر لا محدود نہیں بلکہ اس معاملے میں درحقیقت بہت ہی محدود ہے کہ آیا اسد کو اس ساری صورتِ حال کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے یا نہیں۔ ناروے میں ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کیری نے کہا: ہم اپوزیشن کے ارکان کے احتساب کے لیے بھی تیار ہیں۔شام کے لیے امن مذاکرات اپریل سے تعطل کا شکار ہیں۔ کیری نے کہا کہ اگلے ایک دو ہفتوں میں شام بھر میں فائر بندی کروانے کے ایک نئے سمجھوتے تک پہنچنے کے لیے کوششیں ہو رہی ہیں۔ ایسا ہو گیا تو متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ امن عمل کا سلسلہ بھی بحال ہو سکے گا۔


Share: