ہانگ جھو ، 4 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریدر مودی نے عالمی مذاکرات میں برکس کو ایک موثر آواز قرار دیا ہے۔انہوں نے آج کہا کہ یہ برکس (برازیل، روس، ہندوستان ، چین، جنوبی افریقہ ) گروپ کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی ایجنڈا تشکیل دے، جس سے ترقی پذیر ممالک کو اپنے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔مودی نے گوا میں 15-16؍اکتوبر کو ہونے والے آٹھویں سربراہی اجلاس سے پہلے یہاں چین کے مشرقی شہر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے برکس لیڈروں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برکس کے طور پر ہم بین الاقوامی بات چیت یامذاکرات میں ایک موثر آواز ہیں ۔ایسے میں بین الاقوامی ایجنڈا تشکیل دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی ایجنڈے کو ہمیں اجتماعی طور پر اس انداز سے تیار کرنا چاہیے جس سے ترقی پذیرممالک کو اپنے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔برکس میں 5 اہم ابھرتی معیشتیں شامل ہیں۔دنیا کی آبادی کا 43فیصدحصہ ان ممالک میں آباد ہے۔عالمی جی ڈی پی میں ان ممالک کا حصہ 37فیصد ہے جبکہ بین الاقوامی کاروبار میں برکس کی حصہ داری 17فیصد ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہاکہ ہمیں ذمہ دارانہ طریقے سے جامع اور اجتماعی مسائل کے حل کی تعمیر کا موضوع منتخب کرنا ہے۔جی- 20اجلاس میں یہ بنیادی ترجیحات میں شامل ہوں گے۔اس اجلاس میں جن چار دیگر لیڈروں نے شرکت کی ان میں برازیل کے صدر مائیکل تیمیر ، چین کے صدر شی چن پنگ، روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما شامل ہیں۔
مودی نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ آئندہ ماہ ہمارا سربراہی اجلاس باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کا موقع ہی نہیں ہو گا بلکہ ہم ہندوستان کے بمسٹیک کے ہمسایہ ممالک نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش، سری لنکا، میانمار اور تھائی لینڈ سے بھی بات چیت کریں گے ، جنہیں اس کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے، ہم اگلے ماہ گوا میں آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں۔2006میں جی- 8 کے آؤٹ ریچ سربراہی اجلاس کے موقع پر روس، ہندوستان اور چین کے لیڈروں کے درمیان سینٹ پیٹس برگ میں اجلاس کے بعد برکس کی شروعات ہوئی تھی۔نیویارک میں 2006میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر الگ سے برک کے وزرائے خارجہ کے باقاعدہ اجلاس کے دوران اس گروپ کو حتمی شکل دی گئی تھی ۔پہلا برک سربراہی اجلاس 16؍جون 2009کو روس کے ییکاتیرن بر گ میں ہوا، برک میں ستمبر 2010کو برک وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ہوئی میٹنگ میں جنوبی افریقہ کو شامل کیا گیا، اس سے یہ گروپ برکس ہو گیا۔