سرینگر، 15جون؍(آئی این ایس انڈیا)جموں شہر میں تشدد کو لے کر بی جے پی کے ارکان نے آج جموں کشمیر اسمبلی میں ہنگامہ کیا۔جموں میں ایک مندر کی مبینہ طورپربے حرمتی کرنے کو لے کر تشدد ہواتھا۔جیسے ہی ایوان کا کام شروع ہوا، بی جے پی کے رکن ہنگامہ کرنے لگے اور اس معاملے پر حکومت سے بیان کا مطالبہ کیا۔بی جے پی ممبر اسمبلی روندر رائنا نے کہا کہ یہ سنگین تشویش ہے ،کچھ سماج دشمن عناصرنے ایک سماج دشمن کارروائیوں کی ہے،جموں میں حالات خراب ہیں،حکومت کو بیان دینا چاہئے۔نیشنل کانفرنس کے الطاف احمد کالو اور آزاد ممبر اسمبلی شیخ عبد الرشید بھی ہنگامے میں شامل ہو گئے اور حکومت سے جموں کے کشمیریوں کی حفاظت کویقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔کالو نے سوال کیا کہ جموں میں پہلگام کے چار لڑکوں کو گرفتار کیا گیا ہے،ان کی کیا غلطی ہے؟ ۔بی جے پی ممبران اسمبلی نے رشید اور کالو کی مداخلت پر ناراضگی ظاہر کی اور تیکھی بحث کی۔بعد میں سی پی ایم ایل اے ایم وائی تارگامی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ پورے ایوان کو واقعہ کی مذمت کرنی چاہئے اور انہوں نے امن اور بھائی چارے کوبنائے رکھنے کی اپیل کی۔