نئی دہلی ،6جولائی(ایس ا ونیوز/آئی این ایس انڈیا)فیفا کی تازہ رینکنگ میں انڈین نیشنل فٹ بال ٹیم 96ویں مقام پر پہنچ گئی ہے۔فروری 1996کے بعد سے یہ ہندوستان کی سب سے بہترین فیفا رینکنگ ہے۔وہیں ایشین رینکنگ میں ہندوستانی ٹیم 12ویں نمبر پر ہے۔ہندوستان کی اب تک کی سب سے بہترین فیفا ریکنگ 94تھی، جو فروری 1996میں ہندوستانی ٹیم نے حاصل کیا تھا۔اس کے بعد نومبر 1993میں ہندوستان درجہ بندی میں 99ویں مقام پر تھا۔گزشتہ دو سالوں میں فیفا رینکنگ میں 77مقام اوپر چڑھنے پر ہندوستانی فٹ بال اور قومی ٹیم میں کافی جوش و خروش ہے۔ٹیم نے اب تک اپنے گزشتہ 15میچوں میں سے 13میں جیت درج کی ہے اور گزشتہ 8میچوں میں ناقابل شکست رہنے رہے ہیں جس میں بھوٹان کے خلاف غیر رسمی میچ بھی شامل ہے۔
آل انڈیا فٹ بال یونین (اے آئی ایف ایف)کے صدر پرفل پٹیل نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستانی فٹ بال کی سب سے بڑی چھلانگ ہے۔دو سال پہلے، ہم 173ویں مقام پر تھے اور اب ہم اپنی دوسری بہترین فیفا رینکنگ تک پہنچ چکے ہیں۔یہ ہندوستانی فٹ بال کی صلاحیت کی علامت ہے۔قومی کوچ اسٹیفن کونستنتین نے کہا کہ جب میں نے منصب سنبھالا تھا، میں نے ذکر کیا تھا کہ میرا مقصد ہندوستان کو فیفا رینکنگ میں 100سے نیچے لانا تھا،مجھے اس عمل میں ایک چھوٹا سا حصہ نبھاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے لیکن موجودہ فیفا رینکنگ کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم نے بہت کچھ حاصل کیا ہے، ہمیں آئندہ چیلنجوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔