نئی دہلی،4جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان میں بیٹھے بین الاقوامی دہشت گرد سید صلاح الدین کو UNSCکی ممنوعہ لسٹ میں شامل کرنے کے لئے ہندوستانی سکیورٹی ایجنسیوں نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔امریکہ کی طرف سے صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد اعلان کرنے کے بعد ہندوستانی ایجنسیوں نے اب صلاح الدین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل( (UNSCکی ممنوعہ لسٹ میں شامل کرنے کے لئے سفارتی سطح سے کام شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 2014میں صلاح الدین پر تیارکی گئی درخواست کو این آئی اے ایک بار پھر UNSCمیں پابندی لسٹ میں شامل کرنے کے لئے سفارتی سطح سے بھیجے گا۔امریکہ سے بین الاقوامی دہشت گرد اعلان ہونے کے بعد سے ہی حزب المجاہدین سرغنہ سید صلاح الدین کو پاکستان بچانے کی کوشش کر رہا ہے،اب خبر ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں نے صلاح الدین کی سیکوریٹی بڑھا دی ہے۔صلاح الدین کے ساتھ ہی سب سے زیادہ مطلوبہ دہشت گرد حافظ سعید کی بھی سیکوریٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔