ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی بجٹ:کجریوال حکومت کا بڑا اعلان، بجٹ کا ایک چوتھائی حصہ تعلیم کے لیے مختص 

دہلی بجٹ:کجریوال حکومت کا بڑا اعلان، بجٹ کا ایک چوتھائی حصہ تعلیم کے لیے مختص 

Thu, 09 Mar 2017 11:28:41  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 8؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دہلی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں تعلیم پر خصوصی توجہ دی ہے۔وزیر خزانہ منیش سسودیا نے بدھ کو بجٹ میں اعلان کیا کہ تعلیم کے لیے 11ہزار 300کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا گیا ہے جو کل بجٹ کا 24فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہمارے لیے سب سے اہم کام کرنے کا علاقہ ہے۔کل 8000اسکولوں کے کمرے بن کر تیار ہیں، دہلی میں دو نئے آئی آئی آٹی قائم کئے جائیں گے تاکہ تعلیم کا معیار بہتر ہو، 156اسکولوں میں نرسری کی کلاسیں شروع کی جائیں گی، مڈ ڈے میل میں ملنے والے کھانے میں ابلے ہوئے انڈے اور کیلے کو شامل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں اضافی اسپورٹس ٹیچروں کی تقرری کی جائے گی، 10ارلی چالڈہڈ لرننگ سینٹر کھولے جائیں گے،سرکاری اسکولوں میں نرسری سے لے کر دسویں جماعت تک کے لیے لائبریری کی تعمیر کی جائے گی ۔100کروڑ کی رقم اسکولوں میں لائبریری بنانے کے لیے مختص کی گئی ہے۔نائب وزیر اعلی نے کہا کہ 5نئے اسکول کھولے جائیں گے جو اسکول آف ایکسلینس ہوں گے اور ان میں صرف انگریزی میڈیم میں تعلیم ہوگی۔سسودیانے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں کمپیوٹر لیب میں کمپیوٹروں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔تمام اسکولوں میں آرٹ اور میوزک کلاس اور ڈانس ٹیچروں کا انتظام کیا جائے گا ، سبھی ٹیچروں کو ٹیبلٹ دئیے جائیں گے ۔سرکاری اسکولوں کے طالب علموں کے یونیفارم کے لیے سبسڈی بڑھائی گئی ہے ۔روہنی میں شہید سکھ دیو کالج 2017تک تیار ہوجائے گا ، کھیل کود کی سہولیات بڑھانے کے لیے دو کثیر منزلہ ہاسٹل کی تعمیر کرائی جائے گی جس میں 2300کھلاڑی رہ سکیں گے۔


Share: