نئی دہلی، 16؍ستمبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دہلی کے کنجھاولا علاقے میں بیف کے شک میں دو لوگوں کی جم کر پٹائی کردی گئی ۔دونوں زخمیوں کو سنگین حالت میں اسپتا ل میں داخل کرایا گیا ہے ۔یہ واقعہ بدھ کو پیش آیا ہے۔پولیس کے مطابق، عبدالخالد (28)اور علی حسن( 40)بدھ کی دوپہر عید الاضحی کی قربانی کے بعد زندہ بچ جانے والے فضلہ کو گاڑی میں لے کر پھینکنے جا رہے تھے، تبھی رانی کھیڑا کے پاس انہیں ایک کار نے اورٹیک کرکے روک لیا اورگائے کا گوشت بتا کر مارنے پیٹنے لگے۔متاثرین کے مطابق، دیکھتے ہی دیکھتے گاڑیوں میں دو درجن لوگ آ گئے اور انہیں لوہے کی راڈ اور لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹنے لگے۔علی حسن اور عبد الخالد نے کہا بھی کہ یہ گائے کا گوشت نہیں ہے، لیکن کسی نے ان کی ایک نہیں سنی اور پیٹ پیٹ کر دونوں کو ادھ مرا کردیا۔علی حسن کے ساتھ ایک 14سالہ لڑکا بھی تھا، جس نے بھاگ کر علی حسن اور عبد الخالد کے گھر والوں کو واقعہ کی اطلاع دی۔فرقہ وارانہ کشیدگی کے خدشہ کو دیکھتے ہوئے موقع پر بڑی تعداد میں پولس فورس پہنچی اور دونوں زخمیوں کو سنجے گاندھی اسپتا ل میں داخل کرایا۔دونوں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔اس معاملے میں پولیس نے نوین ، راجو، دیویش اور ابھیشیک نامی چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔بیرونی دہلی کے ڈپٹی کمشنر وکرم جیت سنگھ کے مطابق، باقی ملزمان کی شناخت کرکے انہیں بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔