ممبئی ،24؍مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )رام مندر مسئلے پر شیوسینا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے آگے بڑھ کر ہدایت دینے کی اپیل کی ہے۔اپنے ترجمان اخبار ’سامنا‘ میں شیوسینا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں بی جے پی رام مندر بنانے کے پروگرام کوآگے بڑھا سکتی ہے۔
مضمون میں اس کی یہ دلیل دی گئی ہے ملک کا سیاسی اور سماجی ماحول پارٹی کے حق میں ہے، ایسے میں مسلمان بھی وزیر اعظم کی بات مانیں گے۔سامنا کے اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ رام مندر بنانے کے لیے سپریم کورٹ کی نہیں ، بلکہ وزیر اعظم مودی کی ہدایات کی ضرورت ہے، کیونکہ آج پورا ملک ان کی بات سنتا ہے۔اتر پردیش میں ملی شاندار جیت بھی اسی طرف اشارہ کرتی ہے۔اداریہ میں آگے لکھا گیا ہے کہ گزشتہ 25سالوں میں ملک کی سیاست تبدیل ہو گئی ہے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی پارٹی کے مارگ درشک منڈل میں ہیں، وہیں مرکز میں وزیر اعظم مودی حکومت میں ہیں۔
ایسے میں اگر مودی رام مندر بنانے کے لیے پہل کریں اور آگے آئیں تو اس کے لیے مسلمان بھی ان کے ساتھ کھڑے ہو سکتے ہیں۔ساتھ ہی شیوسینا نے یہ بھی کہا کہ معاملے کو اگر عدالت کے باہر حل کرنا ہے ،تو انا ہزارے، بابا رام دیو یا اڈوانی جیسے سینئر لوگ مدد کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں رام مندر مسئلے کو عدالت سے باہر بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کی صلاح دی تھی ۔