نئی دہلی، 18؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جموں و کشمیر میں فوج کی ایک بٹالین کے ہیڈکوارٹر پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے آج پاکستان میں اپنے ہم منصب کو فون کیا اور حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی طرف سے استعمال کئے گئے آلات پر میڈ ا ن پاکستان کے نشانات پائے جانے کو لے کر شدید تشویش کا اظہار کیا۔فوج کے اعلی حکام نے اس حملے کو سنگین دھچکا قرار دیا۔یہ حملہ صبح 5:30بجے شروع ہوا اور پھر ساڑھے آٹھ بجے تک تصادم جاری رہا ۔اس حملے میں 17فوجی شہید ہو گئے اور چار دہشت گرد بھی مارے گئے۔حملے میں کم از کم 20فوجی زخمی بھی ہو گئے جن میں سے کچھ کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔لیفٹیننٹ جنرل سنگھ نے یہاں ساؤتھ بلاک میں نامہ نگاروں سے کہاکہ مارے گئے چاروں دہشت گرد غیر ملکی تھے اور جو سامان وہ لوگ لے کر آئے تھے ان پر میڈ ا ن پاکستان کے نشانات ہیں۔ابتدائی رپورٹ سے اشارے ملتے ہیں کہ مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق جیش محمد تنظیم سے ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس سے ملی اشیاء پر میڈ ان پاکستان کے نشانات تھے، ایسے میں میں نے پاکستانی ڈی جی ایم او سے بات کی اور اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ڈی جی ایم او نے کہا کہ دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی ہے جس سے فوج کے خیموں اور عارضی کیمپوں میں آگ لگ گئی۔انہوں نے کہاکہ کل 17جوان ہلاک ہو گئے ہیں۔ان میں سے 13-14لوگوں کی موت آگ لگنے کی وجہ سے ہوئی۔فوج کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ فوج کسی بھی سازش کو ناکام کرنے کے لیے تیار ہے اور کسی بھی حرکت کا منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔