نئی دہلی، 25/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ریزرو بینک آف انڈیا نے یہ معلومات دینے سے انکار کیا ہے کہ نوٹ بند ی کے معاملے پر فیصلہ کرنے کے لیے ہوئی اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی میٹنگوں میں کیا بات چیت ہوئی تھی۔مرکزی بینک نے اس سلسلے میں منعقد بورڈ کے اجلاسوں کی تفصیلات دینے سے انکار کیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے 8/نومبر کو نوٹ بند ی کا اعلان کیا اور -1000 500روپے کے موجودہ نوٹوں کو چلن سے باہر کر دیا۔آر ٹی آئی کارکن وینکٹیش نائک نے اس بارے میں عرضی دائر کرکے آر بی آئی کے مرکزی بورڈ آف ڈائریکٹرس کی میٹنگوں کی تفصیلات طلب کی تھی جن میں نوٹ بند ی کے فیصلے پر بحث ہوئی تھی۔مرکزی بینک نے آر ٹی آئی قانون کی دفعہ 8(1)(اے)کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معلومات اس کے دائرے میں نہیں آتی۔نائک نے کہا ہے کہ وہ آر بی آئی کے اس فیصلے کو چیلنج کریں گے۔