نئی دہلی، 15؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )تہواروں کا موسم آنے سے پہلے ہی شمالی ریلوے نے اسٹیشنوں پر بڑی تعداد میں آنے والے مسافروں کو بغیر کسی مسئلے کے سبھی سہولیات مہیا کرانے کے لیے تفصیلی منصوبہ بنایا ہے۔ریلوے کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ درگا پوجا، دیوالی، چھٹھ اور کرسمس کے تہوار کے دوران بھیڑ میں مسافروں کو دقت نہ ہو اس کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی گئی ہے۔منصوبہ بندی میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مسافروں کو بغیر کسی پریشانی کے ٹرین ٹکٹ ملیں اور اس میں دھاندلی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔دلال ، فرضی ٹریول ایجنٹوں اور اسٹیشن کے آس پاس دیگر سماج دشمن عناصر کی موجودگی پر نظر رکھنے کے لیے بھی وسیع منصوبہ بندی بنائی گئی ہے۔منصوبہ بندی کے مطابق، تمام جگہوں پر روزانہ( اتوار اور چھٹیوں کے دن بھی)ریزرویشن کھڑکی کے باہر ایک ملازم کی ڈیوٹی لگائی جائے گی۔یہ ملازم ٹکٹ فارم کی مناسب طریقے سے جانچ کرکے اسے ریزرویشن ڈیسک کو دے گا تاکہ کام جلدی اور آسانی سے ہو سکے۔شمالی ریلوے نے تہوار کے دوران خصوصی ٹرینیں اور موجودہ ٹرینوں میں اضافی کوچ جوڑنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔