ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / شوپیاں میں تشدد، سری نگر کے کئی علاقوں میں کرفیوجاری

شوپیاں میں تشدد، سری نگر کے کئی علاقوں میں کرفیوجاری

Sun, 04 Sep 2016 19:58:38  SO Admin   S.O. News Service

 

سری نگر ، 4 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں آج صبح تصادم ہو گیا اور مظاہرین نے منی سکریٹریٹ عمارت میں آگ لگا دی، جبکہ سری نگر میں کئی علاقوں میں اس دن بھی کرفیو لگا دیاگیا ہے جب وادی میں امن کی بحالی کو لے کر کل جماعتی وفد یہاں کے دو روزہ دورے پر ہے۔وادی میں 58دنوں سے معمولات زندگی ٹھپ ہے کیونکہ وادی کے دیگر حصوں میں کرفیو کا سلسلہ جاری ہے جو جولائی میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی موت کے بعد سے تشدد کی زد میں ہے۔ایک افسر نے بتایا کہ شوپیاں ضلع کے پین جورا گاؤں کے لوگوں نے ایک احتجاجی ریلی نکالنے کی کوشش کی جسے پولیس نے روک دیا جس کے بعد تصادم ہو گیا۔افسر نے کہا کہ مظاہرین نے علاقے میں واقع منی سکریٹریٹ عمارت میں بھی آگ لگا دی جو ڈپٹی کمشنر کا دفتر ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں کو چوٹیں آئی ہیں لیکن تفصیلات کا انتظار ہے۔پڑوسی کولگام ضلع میں مظاہرین نے کل حکمراں پی ڈی پی کے بلاک صدر گلزار احمد کے گھر کو آگ کے حوالے کر دیا تھا۔احمد نے ضلع میں تشدد میں مارے گئے ایک شخص کے خاندان کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی سے ملاقات کرائی تھی۔محبوبہ نے مرحوم معشوق احمد کے خاندان سے ملاقات کی تھی۔اس کی کولگام کے کنڈ میں ہوئی فائرنگ میں موت ہوگئی تھی اور وزیر اعلی نے کل غم زدہ خاندان کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ۔

Share: