کابل،19جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)فلوجہ میں شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کو شکست دینے کے بعد عراقی فوج نے موصل کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے۔ حکومتی فورسز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شدت پسندوں کے زیرقبضہ سب سے بڑے شہری علاقے موصل کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں فوجی کاررروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس طرح عراقی فورسز رفتہ رفتہ موصل کے گرد اپنا گھیرا تنگ کریں گی۔ موصل کو اسلامک اسٹیٹ کا مضبوط ترین ٹھکانہ سمجھا جاتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بیجی کے مغرب میں 20 کلومیٹر کے علاقے میں موجود دیہات کو عسکریت پسندوں سے پاک کر دیا گیا ہے اور اب رفتہ رفتہ پیش قدمی کی جا رہی ہے۔ ایک حکومتی بیان کے مطابق موصل کے جنوب میں واقع قیارہ کے علاقے پر قبضے سے وہ ہوائی اڈہ سکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں آ جائے گا، جو ممکنہ طور پر موصل میں عسکریت پسندوں پر حملوں میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔