مؤ، 18؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )چلتی ٹرین میں 35سالہ ایک خاتون کے ساتھ پہلے مبینہ طور پر عصمت دری کی گئی اور پھر اسے دھکا دے کر ٹرین سے باہر پھینک دیا گیا، جس سے اس کا ایک پاؤں کٹ گیا۔جی آر پی افسر سدھیر سنگھ نے آج بتایا کہ متاثرہ خاتون کا چلتی ٹرین سے گرنے کی وجہ سے دایاں پاؤں کٹ گیاہے ، ابھی چھان بین چل رہی ہے، قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔سرائے لکھن سی تھانہ حلقہ میں خواجہ خورد ریلوے اسٹیشن کے قریب صبح گاؤں والوں نے خاتون کو کراہتے ہوئے دیکھا۔اس کے جسم پر کپڑے نہیں تھے، جس سے شبہ ہے کہ اس کی عصمت دری کی گئی ہے۔ابھی تک عصمت دری کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔خاتون کا الزام ہے کہ وہ ٹرین سے کل رات شاہ گنج جا رہی تھی، تبھی راستے میں دو مجرموں نے پہلے اس کے ساتھ عصمت دری کی اور پھر اسے چلتی ٹرین سے پھینک دیا۔خاتون کی تصویر نیوز چینلوں اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے ۔