جنین،7اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)فلسطین کی سیاسی، سماجی اور شہری تنظیموں نے رواں سال 17 اپریل کو ’یوم اسیران‘ بھرپور اور موثر انداز میں منانے کا اعلان کیا ہے۔گذشتہ روز غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں ’جنرل فیڈریشن ا?ف ٹریڈ یونینز‘ کے اجلاس میں مقامی تنظیموں کے مندوبین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جنین میں منعقدہ مشاورتی اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے 17 اپریل کو فلسطین میں یوم اسیران کو بھرپور طریقے سے منانے کے ساتھ صہیونی عقوبت خانوں میں قید فلسطینی شہریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیاگیا جائے گا۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ سترہ اپریل سے فلسطینی اسیران اجتماعی بھوک ہڑتال کی تیاری کررہے ہیں۔ اس ضمن میں فلسطینی جماعتوں اور انسانی حقوق انجمنوں کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔فلسطینی ٹریڈ یونین کے مندوب عصام النواف نے ایک بیان میں کہا کہ غرب اردن کے تمام شہروں بالخصوص جنین شہر میں اسیران کے ساتھ یکجہتی کے بھرپور مظاہرے کیے جائیں گے۔ مختلف تقریبات میں فلسطینی قیدیوں پر اسرائیلی مظالم کو بے نقاب کرنے اور صہیونی ریاست کی قیدیوں کے ساتھ جاری بدسلوکی کو اجاگر کیا جائے گا۔اس موقع پر عوامی کمیٹی کے چیئرمین نے اسرائیلی قید خانوں میں ڈالے گئے تمام فلسطینیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔خیال رہے کہ فلسطینی ہر سال 17 اپریل کو قومی سطح پر یوم اسیران مناتے ہیں۔ اس روز اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جاتا ہے۔اسرائیلی قید خانوں میں قید فلسطینی شہریوں کی تعداد 7000 سے زائد بتائی جاتی ہے۔ ان میں 300 بچے شامل ہیں۔