ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / فلوجہ میں تین روز میں 30ہزار لوگ بے گھر

فلوجہ میں تین روز میں 30ہزار لوگ بے گھر

Mon, 20 Jun 2016 16:10:18  SO Admin   S.O. News Service

بغداد،20جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراقی شہر فلوجہ میں شدت پسند عسکری تنظیم داعش کا قبضہ مکمل طور پر ختم کرانے کے لیے جاری لڑائی کے باعث گزشتہ تین روز کے دوران 30 ہزار سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔ یہ بات ناروے کی مہاجرین سے متعلق کونسل نے بتائی ہے۔ناوریجیئن ریفیوجی کونسل (NRS) کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ فلوجہ میں انسانی حوالے سے ایک بحران جنم لے رہا ہے۔عراقی فورسز نے جمعرات 16جون کو انتہائی اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے فلوجہ کے مرکزی حصے تک رسائی حاصل کر لی تھی جب کہ داعش کے جنگ جو شہر کے شمالی حصے تک محدود ہو گئے تھے۔ اس طرح ان ہزاروں سویلین کو شہر سے نکلنے کا موقع مل گیا جنہیں داعش کی طرف سے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ بغداد کے مغرب میں واقع شہر فلوجہ پر داعش نے دو برس سے زائد عرصے سے قبضہ کر رکھا تھا۔این آر ایس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، اندازوں کے مطابق فلوجہ سے محض گزشتہ تین دنوں کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔فلوجہ کے گرد و نواح میں بے گھر افراد کے لیے بنائے جانے والے کیمپ چلانے والے اس امدادی گروپ کے مطابق عراقی فورسز کی طرف سے قریب ایک ماہ قبل فلوجہ کے حصول کے لیے آپریشن کے آغاز سے اب تک مزید 32 ہزار افراد پہلے سے ہی بے گھر ہو چکے ہیں۔اس گروپ کا مزید کہنا ہے کہ درجنوں خاندان ابھی تک فلوجہ میں پھنسے ہوئے ہیں جن میں حاملہ خواتین، بیمار اور بزرگ شہری بھی شامل ہیں۔ امدادی ادارے اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے بے گھر ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں اور بہت سے لوگ شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور ٹینٹوں میں جگہ ملنے کا انتظار کر رہے ہیں۔این آر سی کے بغداد کے لیے ڈائریکٹر نصر مفلاحی کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے، ہم عراقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہماری نظروں کے سامنے جنم لیتے ہوئے اس انسانی بحران کے حل کی کوششوں میں مدد کرے۔ این آر سی کا کہنا ہے کہ وہ بے گھر ہونے والے افراد کی ضروریات کو مزید پورا نہیں کر سکتی ہے کیوں کہ پانی اور خوراک کے ذخائر جلد ختم ہونے والے ہیں۔ اس تنظیم کی طرف سے نئے قائم کردہ امریت الفلوجہ نامی کیمپ کی صورت حال بتائی گئی ہے جہاں قریب 1800 افراد پناہ لیے ہوئے ہیں مگر وہاں خواتین کے لیے محض ایک بیت الخلا ہے۔
 


Share: