نئی دہلی، 15؍ستمبر(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن کی قیادت میں مختلف جماعتوں کے ممبران پارلیمنٹ کا ایک وفد 17؍ستمبر سے 6 روزہ نیوزی لینڈ کے دورے پر جا رہا ہے۔لوک سبھا سکریٹریٹ سے حاصل شدہ معلومات کے مطابق، صدر سمترا مہاجن 17؍سے 22؍ستمبر تک نیوزی لینڈ کے دورے پر جا رہے ہندوستانی پارلیمانی وفد کی قیادت کریں گی ، اس وفد میں رکن پارلیمنٹ پریم چند گپتا، پریم سنگھ چند وماجرا، دپیندر سنگھ ہڈا، سی آر پاٹل، درشنا وکرم جردوش، پدماکر عرف انیل گلاب راؤ شرولے، رن وجے سنگھ جودیو، وویک کے تنکھا شامل ہیں۔اس میں لوک سبھا کے جنرل سکریٹری انوپ مشرا بھی شامل ہیں۔اس دورہ کے دوران وفد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے صدر ڈیوڈ کارٹر سے ملاقات کرے گا اور ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ ہندوستان ، پارلیمانی دوستی گروپ کے ارکان سے بھی ملاقات کرے گا۔آکلینڈ میں وفد ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں سے ملاقات کرے گا۔اس پروگرام کی میزبانی نیوزی لینڈ انڈین سینٹرل ایسوسی ایشن کرے گی۔اس ایسو سی ایشن کا قیام 1926میں عمل میں آیا تھا اور اس طرح یہ نیوزی لینڈ میں سب سے قدیم ہندوستانی ایسوسی ایشن ہے۔اس ایسوسی ایشن کی 10متعلقہ شاخیں اور 7معاون یا پروبیشنری رکن ہیں جو نیوزی لینڈ میں ہندوستانی کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہیں۔لوک سبھا صدر پہلی جنگ عظیم میں حصہ لینے والے ہندوستانی فوجیوں کے مجسمہ کی نقاب کشائی بھی کریں گی۔وفد جمعہ 16؍ستمبر 2016کو نئی دہلی سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہو گا ۔