ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / لینڈ سلائیڈ کے بعد کولمبیا میں ہنگامی صورت حال کا اعلان

لینڈ سلائیڈ کے بعد کولمبیا میں ہنگامی صورت حال کا اعلان

Tue, 04 Apr 2017 18:09:20  SO Admin   S.O. News Service

کولمبیا،4اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کولمبیا کے صدر نے ملک کے جنوب مغربی علاقے موکوا میں ہونے والی لینڈ سلائیڈ میں مرنے والوں کی تدفین کے ساتھ ملک میں 'معاشی، سماجی اور ماحولیاتی ایمرجنسی' کا اعلان کیا ہے۔صدر یوان مینیول سانتوز نے کہا کہ حکومت اس انسانی المیے کو ترحیحاتی بنیاد پر لے رہی ہے اور اس کے لیے چار ہزار کروڑ پیسو یعنی یقریبا ایک کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر مختص کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ فی الحال سنیچر کو ہونے والے لینڈ سلائڈ میں مرنے والے 262 افراد کی تدفین کے ساتھ ہی زندہ بچنے والوں کی تلاش کا کام بھی جاری ہے۔عالمی امدادی ادارے ریڈ کراس نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ابھی بھی انھیں زندہ بچنے والے افراد کے ملنے کی امید ہے کیونکہ ابھی اس واقعے کو 72 گھنٹے نہیں گزرے ہیں۔بہر حال 40 ہزار افراد پر مشتمل آبادی والے شہر موکوا کے باشندوں کی امیدیں ختم ہو تی جا رہی ہیں اور وہ مایوسی کے عالم میں اپنے ان رشتہ داروں کو تلاش کر رہے ہیں جو سنیچر کو آنے والے مٹی، کیچڑ، پتھر اور پانی کے ریلے میں بہہ گئے تھے۔

ملک کے جنوب مغربی علاقے موکوا میں زبردست بارشوں کی وجہ سے سیلاب کی صورت حال پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے کیچڑ اور بڑی تعداد میں چٹانوں کے کھسکنے سے آس پاس کے علاقے اس کی زد میں آگئے۔39 سالہ ارسی لوپیز جو ایک پیڑ کے تنے سے لٹک جانے کے سبب بچ گئیں انھوں نے اے ایف پی سے کہا کہ وہ اپنی 22 سالہ بیٹی دیانا وینیسا کو تلاش کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا: 'اسے زندہ پانے کی امید اب ختم ہوتی جا رہی ہے۔'جو بچ گئے ہیں وہ اب انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد کے منتظر ہیں۔ ہسپانوی زبان میں شائع ہونے والے اخبار ’’ال سپیکٹیڈور‘‘ نے خبر دی ہے کہ 40 ٹن امدادی سامان راستے میں ہیں جن میں دو ہزار کھانے کے کٹ اور ایک ہزار شامیانے ہیں۔ایک دوسرے اخبار ’’ایل پائس‘‘ کے مطابق صدر سانتوز نے کہا کہ سات ہزار کمبل اور چھ ہزار چٹائیاں وہاں پہنچا دی گئی ہیں۔


Share: