کولکاتہ،18جون؍(آئی این ایس انڈیا)مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج مرکز میں انتقام کی سیاست کرنے اور سی بی آئی اورای ڈی جیسی مرکزی ایجنسیوں کا استعمال غیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں لوگوں کو دہشت زدہ کرنے کے لئے کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ وہ سی بی آئی، ای ڈی یا محکمہ انکم ٹیکس کا استعمال تمام لوگوں کو دہشت زدہ کرنے کے لئے کر رہے ہیں،جن ریاستوں میں بی جے پی حکومتیں نہیں ہیں وہاں وہ ان کے خلاف تین مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ترنمول کانگریس کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے ’’میک ان انڈیا‘‘کے نام پر ملک کو فروخت کرنے کے لیے بی جے پی کو پھٹکار لگائی۔انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی اقدار اور اصولوں کا خیال نہیں رکھتے۔بنرجی نے بالواسطہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی پر بنگال میں ہو رہی تمام مثبت باتوں کا کریڈٹ لینے اور جھوٹ پھیلانے کا الزام لگایا۔بنرجی نے کہا کہ بنگال میں ہم نے 1.35کروڑ سے زائد جعلی راشن کارڈ کو منسوخ کر دیا ہے،وہ دعوی کر رہے ہیں کہ انہوں نے پی ڈی ایس چوری کو بند کر کے30ہزار کروڑ روپے بچائے ہیں۔سوچھ بھارت میں نرمل بھارت منصوبہ بندی کے تحت ہم نے معروف مقام حاصل کیا لیکن وہ یہ کہہ کر کریڈٹ لے رہے ہیں کہ وہ سوچھ بھارت کر رہے ہیں۔