برلن،19جون؍(ایس اونیو/آئی این ایس انڈیا)جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے نیٹو کے اس فیصلے پر تنقید کی ہے، جس میں مشرقی یورپ میں عسکری سرگرمیوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اشٹائن مائر نے کہا کہ اس اقدام سے روس کے ساتھ پہلے ہی سے کشیدہ تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہو گا۔ اشٹائن مائر کے اس بیان سے جرمنی کی وسیع تر مخلوط حکومت میں ماسکو کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پائے جانے والے اختلافات کا بھی پتہ چلتا ہے۔ جرمن اخبار بِلڈ سے بات چیت میں اشٹائن مائر نے کہا کہ ایسے اقدامات سے اجتناب کیا جانا چاہیے، جن سے کشیدگی میں اضافہ ہو۔ نیٹو نے اعلان کیا تھا کہ وہ مشرقی یورپ میں ایک بڑی ٹینک پریڈ کا انعقاد کرے گا۔ اشٹائن مائر نے کہا کہ ایسے اقدامات سے روس کے ساتھ ماضی کی عداوتیں دوبارہ جنم لے سکتی ہیں۔