کنگسٹن،10؍جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی- 20میچ میں شکست کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ ان کے کھلاڑیوں نے بلے اور گیند دونوں سے مایوس کیا اور وہ جیت کے حقدار نہیں تھے۔پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے 6 وکٹ پر 190رنوں کا اسکور کھڑا کیاتھا ، لیکن ایون لوئیس کے 62گیند وں میں ناٹ آوٹ 125رنوں کی مدد سے ٹی- 20ورلڈ چمپئن ویسٹ انڈیز نے 18.3اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔لوئیس نے اپنی اننگ میں 12چھکے اور چھ چوکے لگائے۔میچ کے بعد کوہلی نے کہاکہ پہلی اننگ میں بھی ہم 25-30رن اضافی بنا سکتے تھے،ہم 230رن بنانے کی پوزیشن میں تھے ،لیکن ہم نے کئی موقع گنوائے،موقع کا فائدہ نہیں اٹھانے پر آپ جیت کے حقدار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک بلے باز کو اننگ کے محرک کا کردار اداکرنا چاہیے تھا ، دنیش نے اچھا کھیلا لیکن کسی بلے باز کو 80-90رن بنانے چاہیے تھے،اس کے بعد ہماری گیندبازی بھی اچھی نہیں رہی۔کوہلی نے کہا کہ ٹی 20ٹیم اب بھی تبدیلی کے دور میں ہے اور کئی بار برے دنوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے حالانکہ ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ ویسٹ انڈیز بہترین ٹی- 20ٹیم ہے اور گزشتہ چند سالوں سے یہی کھلاڑی کھیل رہے ہیں،ہماری ٹیم ابھی تبدیلی کے دور سے گزرہی ہے اور ہمیں اتار چڑھاؤکا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری طرف 9 وکٹ سے ملی جیت سے خوش کیریبین کپتان کارلوس بریتھویٹ نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں بہت خوش ہوں،ہم نے کل بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کے لیے کہا،میں نے ان سے کہا کہ جو نصف سنچری بنائے گا، اسے میری میچ فیس کا نصف ملے گا،ہم اپنے شائقین کو خوش کرنا چاہتے تھے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے آئی پی ایل دیکھا ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ ڈیتھ اووروں میں بھونیشور کمار کیسی کیندبازی کرتا ہے،ہم شروعاتی کچھ اووروں میں اس کوزیادہ گیندبازی کرتے دیکھنا چاہتے تھے اور ویسا ہی ہوا۔مین آف دی میچ لوئیس نے کہاکہ یہ اچھا میچ تھا،ہندوستان جیسی ٹیم کے خلاف سنچری بنانا بڑی بات ہے،میں مسلسل پانچ میچوں میں اچھا نہیں کھیل سکا ،لیکن مجھے خود پر اعتماد تھا اور آج وہ کارگر ثابت ہوا۔