ہاتھرس:9 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے منگل کو دعویٰ کیا کہ بی جے پی مہا گٹھ بندھن سے گھبرا گئی ہے اور اس کے لیڈروں کو رات بھر نیند نہیں آتی ہے۔ ہاتھرس(ریزرو ) لوک سبھا سیٹ سے مہاگٹھ بندھن امیدوار رام جی لال سمن کے حق میں تشہیر کرنے آئے اکھلیش نے تحصیل سکندر راؤ کے رام لیلا میدان میں جلسہ عام سے خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی مہا گٹھ بندھن سے گھبرا گئی ہے۔ بی جے پی کے رہنماؤں کو رات رات بھر نیند نہیں آتی ہے۔ مہا گٹھ بندھن میں ’مہا ملاوٹ‘ نہیں ہے۔ مہا گٹھ بندھن سے مہا تبدیلی کی آواز دے رہا ہے ۔ ایس پی صدر نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں صرف وعدے ہوئے ہیں۔ ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا ہے۔ کسانوں کو دھوکہ دیا گیا کہ ان کے اکاؤنٹس میں روپے آئیں گے لیکن آج تک نہیں آ یا ۔ بے روزگاروں کو نوکری نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو مرکز کے پانچ سال کا نہیں ؛بلکہ یوگی آدتیہ ناتھ کے اترپردیش میں دو سال کی مدت کو ملا کر سات سال کا حساب دینا پڑے گا۔