نئی دہلی،4اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کا اگرچہ کھیل کی دنیا میں بہت بڑا مقام نہیں ہے لیکن اگر ڈوپنگ کے خلاف ورزی کی بات کریں تو عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی( واڈا) کے 2015 کے لیے جاری رپورٹ میں وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ ملک کے کل 117 کھلاڑیوں کو ممنوعہ دواؤں کے استعمال کا مجرم پایا گیا اور یہ مسلسل تیسرا موقع ہے جب ہندوستان ڈوپنگ خلاف ورزی کے لئے ٹاپ 3 میں شامل ہے۔ واڈا نے ڈوپنگ خلاف ورزی کے لیے جو ٹیبل جاری کی ہے اس میں ہندوستان سے آگے روس( 176 معاملات) اور اٹلی(129 معاملات) شامل ہیں۔ہندوستان اس سے پہلے 2013 اور 2014 میں بھی اس فہرست میں تیسرے نمبر پر تھا۔ ہندوستانیوں کے ڈوپنگ خلاف ورزی کے تمام معاملے پیشاب کے نمونوں سے پتہ چلے تھے۔ ڈوپنگ خلاف ورزی سال 2015 کے دوران ہوئے اور واڈا نے مختلف منظورشدہ اینٹی ڈوپنگ اداروں کی طرف سے اس سال 31 جنوری تک تجزیاتی مطالعہ اور پابندیوں کی معلومات جمع کرنے کے بعد یہ فہرست جاری کی۔واڈا کے نظر ثانی اخلاق کے تحت اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کے اعداد و شمار کا پہلی اور 2013 کے بعد اس طرح کی تیسری رپورٹ ہے۔ہندوستان کے لیے یہ تشویش کاباعث ہے کہ ان تین سالوں کے دوران ڈوپنگ میں پکڑے جانے والے کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کے لئے ہندوستان سے 2013 میں 91 اور 2014 میں 96 معاملات سامنے آئے تھے۔