ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / وی وی آئی پی فلائٹ سے دہلی پہنچے دانا مانجھی، بحرین کے سفیر نے دیا 9لاکھ روپے کا چیک

وی وی آئی پی فلائٹ سے دہلی پہنچے دانا مانجھی، بحرین کے سفیر نے دیا 9لاکھ روپے کا چیک

Fri, 16 Sep 2016 18:00:22  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 16؍ستمبر (آئی این ایس انڈیا )اڑیسہ میں ایمبو لینس نہ ملنے پر بیوی کے لاش کو کندھے پر ڈھونے والے دانا مانجھی کو بحرین سے تقریبا 9لاکھ روپے کی مالی مدد ملی ہے۔مانجھی کو وی وی آئی پی فلائٹ سے بھونیشور سے دہلی بلایا گیا۔یہاں بحرین کے وزیر اعظم کی جانب سے وہاں کے سفیر نے انہیں 8لاکھ 87ہزار روپے کا چیک دیا۔بیوی کی موت کے بعد مختلف سرکاری اسکیموں اور پرائیویٹ چندے سے دانا ماجھی کو کافی مالی مدد ملی لیکن کچھ نئے کپڑے اور جوتوں کے علاوہ ان کی زندگی میں کچھ نہیں بدلا ہے۔مٹی کے گھر کی ایک دیوار پر ان کی مردہ بیوی کی ایک تصویر لٹکی ہے۔گھر سے 80کلومیٹر دور واقع اسپتا ل سے 10کلومیٹر تک اپنی بیوی کی لاش کندھے پر ڈھونے کے لیے مجبور دانا مانجھی کو مقامی ٹی وی چینل کے صحافی نے دیکھا۔دانا ماجھی کی تصاویر نے پورے ملک کو جھنجھوڑ دیا تھا۔مدد کے طور پر دانا مانجھی کو جو رقم ملی ہے، اتنی وہ پوری زندگی میں نہیں کما سکے تھے۔ٹی بی کی وجہ سے اپنی بیوی کو کھونے والے دانا ماجھی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان پیسوں سے وہ اپنی تینوں بیٹیوں کو پڑھائیں گے ۔ان کا خاندان کالا ہانڈی ضلع کے میل گھر گاؤں میں رہتا ہے جہاں بجلی، پانی کی بنیادی سہولیات تک نہیں ہیں ، لہذا بیٹیوں کو پڑھنے کے لیے دارالحکومت بھونیشور جانا ہو گا جوکہ ان کے گاؤں سے 13گھنٹے کے فاصلے پر ہے۔مانجھی کی بڑی بیٹی چاندنی 14سال کی ہے، جو اس وقت باپ کے ساتھ تھی جب وہ ماں کے لاش کو کندھے پر لے کر چل رہے تھے۔ان کی دوسری بیٹی سونائی 10سال کی ہے جس کی آنکھوں میں ماں کے ذکر سے ہی آنسو چھلک آتے ہیں۔ان کی سب سے چھوٹی بیٹی ابھی 5سال کی ہے۔پورے کالا ہانڈی ضلع میں دانا مانجھی ایک مشہور شخصیت بن چکے ہیں، ان کی جھلک پانے کے لیے لوگ سڑکوں پر انتظار کرتے ہیں۔کچھ لوگ قیاس لگاتے ہیں کہ ان کو گاؤں کا سرپنچ بنا دیا جائے گا یا اگلے انتخابات میں ٹکٹ دیا جائے گا۔


Share: